4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے، سید ہارون احمد سلطان بخاری

پیر 9 فروری 2015 21:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء ) پنجاب کے وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں- کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے ، گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے جس کے لئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، ڈاکٹروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا کیونکہ ہر 10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77 بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں -انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے مختلف ڈونر اداروں کے تعاون سے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے اور ان پراجیکٹس کے مراکز میں ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کی تعیناتی‘ برتھ کٹس ‘ طبی آلات اور ضروری ادویات کی فراہمی کویقینی بنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے 2ارب روپے فراہم کئے اور صحت و تعلیم کے محکموں کو خصوصی طور پر اضافی بجٹ فراہم کیا گیا-انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کوادویات وطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے اور متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔