پی ایم اے کے وفدد کی مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات ،

ڈاکٹروں کی ترقیاں، سنیارٹی اور سروس سٹرکچر سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال، صحت کے شعبہ کی ترقی اور ڈاکٹروں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے،خواجہ سلمان رفیق

پیر 9 فروری 2015 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) صحت کے شعبہ کی ترقی اور ڈاکٹرز کمیونٹی کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی خالی آسامیاں پر کرنے کے لئے سپیشل پیکج کی منظوری دے دی ہے اور پہلی مرتبہ 12 سو سے زائد نرسوں کو بیک وقت گریڈ 17 میں پرموٹ کیا گیا ہے ،یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ رانا ارشد کے علاوہ کے علاوہ پی ایم اے کے ڈاکٹر تنویر اشرف، ڈاکٹر اظہار چوہدری، ڈاکٹر شاہد ملک، ڈاکٹر کامران ، ڈاکٹر واجد، ڈاکٹر طارق رحمانی اور ڈاکٹر طلحہ بھی موجود تھے- اجلاس کے دوران ڈاکٹروں کی اگلے گریڈوں میں ترقی ، جنرل کیڈر کے ڈاکٹروں کے مسائل، سنیارٹی اور سروس سٹرکچر کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،خواجہ سلمان رفیق نے پی ایچ اے کے وفد کو یقین دلایا کہ میڈیکل کالجوں میں بنیادی مضامین کے ٹیچرز اور نئے میڈیکل کالجوں کی ٹیچنگ فیکلٹی کو فی الفور پورا کر نے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے - جنرل کیڈر کے ڈاکٹروں کی پرموشن کے معاملات کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور انہیں جلد از جلد نمٹانے کی کوشش کی جائے گی؛ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ PMDC سے ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کی تجدید کے معاملات کو محکمہ صحت کی سطح پر اٹھایا جائے گا - پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ اور سپیشل Initiatiives کے تحت ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں کو پر کرنے، 100 فیصد ادویات کی فراہمی، طبی آلات اور انفراسٹرکچر کی تعمیر و مرمت کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور یقین دلایا کہ پی ایم اے مریضوں کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے ہر اقدام کی حمایت کرے گی اور اپنے پلیٹ فارم سے حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے جدوجہد کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :