غریب مریضوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے، ڈاکٹر عثمان انور ،

ایسے انسانیت کے دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ایسے گھناؤنے دھندے میں ملوث کسی آفیسر یا اہلکار کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا

منگل 10 فروری 2015 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) پنجاب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان انور نے ٹیچنگ وسرکاری ہسپتالوں غریب ونادار مریضوں کو فراہم کی جانے والی مفت ادویات کی چوری کے حوالے سے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوس اور دکھ کی بات ہے کہ ملک میں بسنے والے وہ غریب ونادار مریض جو اپنے علاج معالجہ کے لئے ادویات کو خریدنے کی سکت نہیں رکھتے اور علاج معالجہ کے لئے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں ان غریب مریضوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے، انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت اور بے روزگاری نے ایک غریب آدمی کی زندگی اجیرن کررکھی ہے، اگر وہ غریب کسی مرض میں مبتلا ہو جائے تو وہ اپنا علاج کرنے کی سکت نہ رکھتے ہوئے اپنے گھر والوں پر بوجھ بننے کی بجائے موت کی تمنا کرتا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ایسے غریب اور نادار مریضوں کے لئے حکومت کی جانب سے جان بچانے والی کمپنی ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں جو غریب مریضوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ایسے درندے ان سے زندگی کا آخری سہارا بھی چھیننے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ڈاکٹر ہوں مجھے علم ہے کہ ایک مریض کے پاس اگر ادویات کی خریداری کے لئے رقم موجود نہ ہو یا اس کی ماں، بہن، بیٹی یا باپ کے علاج کے لئے وہ ادویات نہ خرید سکے اس وقت وہ چوری تو درکنار خود کو بھی فروخت کرنے کے لئے تیار ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دنیا کے دیگر ممالک کے برعکس سرکاری ہسپتالوں میں داخل تمام مریضوں کے علاج معالجہ کی مفت سہولیات موجود ہیں، مگر ان جیسے انسانیت کے دشمن عناصر سرکاری ہسپتالوں کے عملہ سے ملی بھگت کر کے مریضوں کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے ان ادویات کو چوری کر کے باہر فروخت کردیتے ہیں، ہسپتالوں میں ادویات کی کم یابی کے باعث ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو مجبوراً وہ ادویات بازار سے خریدنی پڑتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایسے انسانیت کے دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ایسے گھناؤنے دھندے میں ملوث کسی آفیسر یا اہلکار کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے آصف علی میاں اور ان کی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہے ان کو تعریفی اسناد کی سفارش کرتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :