حالیہ دور میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کم عمر نوجوان ملوث ہیں،نعمان صدیقی ،

ناظم آباد میں پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کو قتل کرکے اس کی ایس ایم جی لیکر فرار ہونے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 10 فروری 2015 23:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) حالیہ دور میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کم عمر نوجوان ملوث ہیں۔ ناظم آباد میں پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کو قتل کرکے اس کی ایس ایم جی لے کر فرار ہونے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ یہ بات ایس ایس پی سنٹرل نعمان صدیقی نے منگل کو اپنے دفتر گلبرگ میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ ناظم آباد تھانے کی حدود گول مارکیٹ ناظم آباد نمبر 3 پر 26 جنوری 2015ء کو صبح ساڑھے 11بجے عباسی شہید اسپتال کے قریب پھاٹک والی گلی میں پولیو ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے پی ٹی سی پولیس ٹریننگ سینٹر سعیدآباد کا اہلکار شمیر ولد امیربخش کو شہید کرکے اس کی ایس ایم جی لے کر فرار ہوگئے تھے۔ ایس ایس پی سنٹرل نے بتایا کہ ملزمان عثمان عرف چاٹا ولد زین الله، کم عمر ملزم محمد علی عرف کلٹی ولد لال زادہ، فضل خالق عرف منو ولد فضل ربی اور ملزم رکشاڈرائیور محمد اسد ولد اخلاق گل بنارس کے قریب ڈکیتی کرکے فرار ہورہے تھے کہ ان کا سامنا پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار سے ہوگیا جس پر انہوں نے پولیس پر مفرور ملزم بلال ولد سخی شاہ نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار شمیر کو شہید کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں اس کی سرکاری ایس ایم جی چھین کر ملزم رکشا ڈرائیور محمد اسد کے رکشے میں چھپا دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ ملزمان کو خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر پرانی سبزی منڈی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ سینٹرل کے علاقے رضویہ ناظم آباد، گلبہار، عزیزآباد، عزیزبھٹی اور پی آئی بی تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے اور واردات کے دوران فائرنگ کرکے زخمی اور قتل کرچکے ہیں۔ مفرور ملزم بلال کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔