جیکب آباد میں محکمہ صحت نے 500عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا،شوکاز نوٹس جاری ٹیمیں تشکیل دے دی گئی

جمعرات 12 فروری 2015 16:27

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروی 2015ء) جیکب آباد میں محکمہ صحت نے 500عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا،شوکاز نوٹس جاری ٹیمیں تشکیل دے دی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں محکمہ صحت نے سندھ حکومت کے احکامات کے مد نظر آخر کار شہر اور گردونواح میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے 500سے زائد عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا ہے ،عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاوٴن کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر سانون شیخ کی صدارت میں اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کے متعلق فیصلے کئے گئے جبکہ دوسری جانب عطائی ڈاکٹر وں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں اور انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی غیر قانونی کلینک بند کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ، عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کے لیے جیکب آباد کی تینوں تحصیلوں ٹھل ،گڑہی خیرو اور جیکب آباد میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ،ٹیموں میں سول سرجن اور سینئر ڈاکٹروں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اس تمام کاروائی کی نگرانی ڈی ایچ او خود کریں گے جبکہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سے بھی مدد لی جائے گی ،محکمہ صحت کی جانب سے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کے فیصلے کے بعد عطائی ڈاکٹروں میں کھلبلی مچ گئی ہے معلوم ہوا ہے کہ عطائی ڈاکٹر کاروائی سے بچنے کے لیے عدالت جانے کا فیصلے کررہے ہیں تاکہ وہ اسٹی آرڈر لے کر کاروائی سے بچ سکیں ، شہر اور گردونواح میں عطائی ڈاکٹروں کی بھر مار کی وجہ سے ہزاروں شہری مختلف امراض مبتلا ہوچکے ہیں اور عطائی ڈاکٹر غریب لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں، شہریوں نے محکمہ صحت کی جانب سے ایسی کاروائی کو سرہاتے ہوئے کہا ہے کہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کرکے شہریوں کی جانیں بچائی جائیں۔