نوجوانوں میں فکری، ثقافتی ،تہذیبی ، فحاشی کی یلغار کی جا رہی ہے،غلام عباس صدیقی،

پاکستانی قوم کو مذہب اور سیکولر طبقے میں تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیں گے، غازی الدین بابر

جمعرات 12 فروری 2015 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء)پاکستان سٹوڈنٹس کونسل کے مرکزی رہنما غازی الدین بابر، غلام عباس صدیقی، رانا عثمان سرور، ملک اعجاز، قاسم چیمہ، چوہدری قاسم افتخار، محمد الطاف نے کہا ہے کہ پاکستان کے تعلیمی نظام کو این جی اوز کے حوالے کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے آئے روز نصاب تعلیم میں تبدیلی کی جا رہی ہے، نوجوانوں میں فکری، ثقافتی ،تہذیبی ، فحاشی کی یلغار کی جا رہی ہے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس میں کہی، غلام عباس صدیقی نے کہا پاکستانی قوم کو مذہب اور سیکولر طبقے میں تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیں گے، پاکستان میں مذہبی جماعتوں اور مدارس کے حوالے سے پراپیگنڈہ ناقابل برداشت ہے، غاز الدین بابر نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں مذہبی طبقے نے ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے لیکن پھر بھی اس طبقے کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مدارس کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ بند کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹوڈنٹس کونسل قائد جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن اور وفاق المدارس عربیہ پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرتی ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان سٹوڈنٹس کونسل حافظ عبدالرحمن نے کہا کہ پی ایس سی نوجوانوں کو متحرک کرنے اور استحکام پاکستان کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے پورے ملک میں سیمینارز، واک کا اہتمام کرے گی، انہوں نے چار نکاتی ایجنڈا بتاتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان، جذبہ حب الوطنی، متوازن طرز حیات اور اسلامی اقدار ومشرقی روایات سے مزین ایک قومی طرز فکر پر مشتمل کردار ساز نصاب تعلیم کی تشکیل کروانے، نوجوان نسل میں تہذیبی، فکری، ارتدادی یلغار، فحاشی وعریانی کے بڑھتے ہوئے اثرات کی روک تھام کیلئے جدوجہد کرنا اور سیلف فنانس سکیم، تعلیمی اداروں کی نجکاری، طبقاتی نظام تعلیم، غیر ملکی این جی اوز کی نصاب تعلیم پر یلغار کا سدباب کرنا ہے۔