پنجاب حکومت عوام تک صحت کی بہتر سہولتوں کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ایک مربوط پروگرام ہر عمل پیرا ہے ،خواجہ سلمان رفیق ،

تمام تحصیل وڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پورا کرنے کیساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا،مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 12 فروری 2015 23:45

ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام تک صحت کی بہتر سہولتوں کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ایک مربوط پروگرام ہر عمل پیرا ہے جس کے تحت تمام تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کیساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

طبی سہولتوں کی عوام تک دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ڈویژن کی سطح پر کوارڈ نیشن اور مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی قائم کی جا رہی ہیں تا کہ مقامی سطح پر مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں اور عوام کی شکایات کا بر وقت ازالہ ممکن ہو سکے ۔وہ یہاں کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ساہیوال ڈویژن میں صحت کی دستیاب سہولتوں اور وزیر اعلیٰ کے ہیلتھ سیکٹر پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ ملک جواد رفیق ،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ،کمشنر سہیل شہزاد ،تینوں اضلا ع کے ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز ہیلتھ نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف دور دراز کے عوام کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی اور انہیں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کے وژن کے مطابق پرائمری ہیلتھ کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے ۔

اس پروگرام کے تحت تمام بنیادی مراکز صحت ،دیہی مراکز صحت ،تحصیل اور ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ڈاکٹر ز کی کمی کو فی الفورپوار کیا جائے گا اور ادویات کی پورا سال دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔سیکرٹری ہیلتھ ملک جواد رفیق نے بتایا کہ مراکز صحت اور ہسپتالوں میں طبی عملے ی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تا کہ طبی عملی اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے اور مریضوں کو مسلسل اٹینڈ کرے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے 145 تحصیل او ر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں طبی آلات اور 10 ضروری سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی موجود گی کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور ڈاکٹرز ی غیر حاضری کو کسی صورت میں بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے ای ڈی او ز پر زور دیا کہ ہربنیادی مرکز صحت کو 3 لاکھ 47 ہزار روپے کے فنڈز ادویات کی خریداری کیلئے دیے گئے ہیں لہٰذا ادویات کی سارا سال دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں ساہیوال میں چلڈرن ہسپتال کے قیام پر اتفاق کرتے ہوئے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر ساہیوال کو ہسپتال کیلئے اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی تا کہ منصوبے کو اگلے مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :