بزدل قیادتیں کبھی غیرت مند مستقبل نہیں دے ،سکتیں‘کشکول توڑنے کے نعرے اتنی مرتبہ لگ چکے ہیں کہ اب سنتے ہی دل ٹوٹ سا جاتا ہے‘ملکی خزانہ خالی ہے تو بدعنوان مقتدر طبقات کی تجوریاں کیسے بھرتی جارہی ہیں،

پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ عاقل ستی کی وکلاء کے وفد سے بات چیت

جمعہ 13 فروری 2015 22:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء)پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ عاقل ستی نے کہا ہے کہ کشکول توڑنے کے نعرے اتنی مرتبہ لگ چکے ہیں کہ اب سنتے ہی دل ٹوٹ سا جاتا ہے۔ملکی خزانہ خالی ہے تو بدعنوان مقتدر طبقات کی تجوریاں کیسے بھرتی جارہی ہیں۔وطن عزیز کی سرزمین قدرتی خزانوں سے اٹی پڑی ہے المیہ یہ ہے عالمی استعمار کی مدد سے برسراقتدار آنے والے حکمران محض کٹھ پتلی ہو تے ہیں جتنی اجازت ملتی ہے اتنا کام کرنا پڑتا ہے۔

پاک ایران گیس لائن منصوبہ توانائی بحران سے نجات کیلئے انتہائی ضروری ہے ،ایران اپنے حصے کا کام مکمل کر چکا ہے مگر ہمیں اجازت نہیں مل رہی ۔بزدل قیادتیں کبھی غیرت مند مستقبل نہیں دے سکتیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز کینٹ آفس ٹینچ بھاٹہ میں وکلاء کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یاسر جنجوعہ ایڈوکیٹ ،نعمان چوہدری ایڈوکیٹ اور ولید احمد بھی موجود تھے ۔

صاحبزادہ عاقل ستی نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا سب سے باشعور طبقہ ہیں ۔ملک میں غیر جمہوری حکومتی ہتھکنڈوں کے خلاف وکلاء برادری کی جدوجہد مثالی رہی ہے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور اور سانحہ بلدیہ ٹاؤن کراچی کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ملک بھر کے وکلاء آواز اٹھائیں ۔انہوں نے مہمان وکلاء کو پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کی دعوت بھی دی ۔