صوبائی حکومت تمام وسائل کو برؤے کار لارہی ہے، سلمان رفیق،

تمام بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، صوبائی مشیر صحت

جمعہ 13 فروری 2015 23:07

مظفرگڑھ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) صوبہ کی عوام کو صحت کی تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت تمام وسائل کو برؤے کار لارہی ہے ،ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں سمیت تمام بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے، یہ بات صوبائی مشیر برائے صحت سلمان رفیق نے رجب طیب اردگان ہسپتال کے معائنہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ طیب اردگان ہسپتال بین الاقوامی معیار کا ہسپتال ہے جس میں تمام جدید سہولیات دستیاب ہیں، رواں مالی سال میں اس کو100بستروں سے بڑھا کر0 15بستروں تک توسیع دی جائے گی، حکومت پنجاب اور ٹرسٹ کی مالی معاونت سے اس کو باقاعدہ تدریسی ہسپتال بنایا جائے گا،پہلے مرحلے میں پیرا میڈیکل اور نرسنگ کی تعلیم دی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ڈاکٹری کی تعلیم شروع کی جائے گی جس کیلئے ماہرین پروفیسرتعینات کئے جائیں گے، ایک سوال کے جواب میں صوبائی مشیر برائے صحت نے کہا کہ ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل جاری ہے ماہ فروری کے اختتام تک تمام بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز تعینات کردئیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں مختلف امراض کے 10ماہر ڈاکٹروں کو تعینات کیا جارہا ہے،تمام خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی کا عمل جاری ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں خسرہ اورپولیو سے بچاؤ کی مہم کامیابی سے جاری ہے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں پولیو کے کیسز سب سے کم ہیں، قبل ازیں صوبائی مشیر برائے صحت نے طیب اردگان ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیااور کارکردگی کا جائزہ لیا،اس دوران انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے ان کے علاج کے بارے میں دریافت کیا جس پر تمام مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور ہسپتال انتظامیہ کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری صحت جواد رفیق، ڈی جی صحت ڈاکٹر پرویز، کمشنر ملتان میجر اسد، ڈی سی او مظفرگڑھ شوکت علی، ٹرسٹی جلال الدین رومی،ای ڈی او صحت ڈاکٹر اطہر اقبال،ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر عاشق ملک بھی ان کے ہمراہ تھے، بعد ازاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ طیب اردگان ہسپتال ڈاکٹر وسیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ہسپتال میں روزانہ 300سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے،ماہ جنوری کے دوران 8ہزار سے زائد مریضوں کو میڈیکل کی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں،ہسپتال میں مظفرگڑھ ، ملتان ،بہاولپور اور ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والے مریض عام طورپر علاج کیلئے آتے ہیں،ہسپتال میں امیر و غریب کو بلا امتیاز مفت علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے،مریضوں کے لانے اور لے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے، اس موقع پر ڈی سی او شوکت علی نے بتایا کہ جلد ہی مظفرگڑھ سے ہسپتال اور قصبہ بصیرہ تک اے سی بس کی سہولت فراہم کر دی جائے گی،انہوں نے طیب اردگان ہسپتال کو ایمبولینس فراہم کرنے کی بھی سفارش کی۔