جنرل ہسپتال میں 18 فروری کو دو روزہ سائنٹفک سمپوزیم شروع ہوگا‘ طبی ماہرین خصوصی لیکچرز اور تحقیقی مقالے پیش کرینگے

اتوار 15 فروری 2015 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 15فروری 2015ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام لاہور جنرل ہسپتال میں 18 فروری کو دو روزہ سائنٹفک سمپوزیم شروع ہو رہا ہے جس میں طبی ماہرین خصوصی لیکچرز اور تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ اس موقع پر مختلف امراض کے بارے میں شعور پیدا کرنے کیلئے پوسٹرز کی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔اس امر کا اعلان پرنسپل پی جی ایم آئی و جنرل ہسپتال پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کیا۔

پروفیسر انجم حبیب نے کہا کہ دو روزہ سائنٹفک سمپوزیم نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت اور ذہن سازی کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ سمپوزیم نوجوان ڈاکٹرز کے نالج کو اپ ڈیٹ کرے گا اور طب کے میدان میں تحقیق اور جدید زمانے کی بیماریوں کے علاج کے سلسلے میں نئی راہیں متعین کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جہاں انسان نے ہر شعبہ زندگی میں ترقی کی ہے وہاں میڈیکل سائنس میں بھی کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کی گئی ہے اور تحقیق کے ذریعے ناقابل علاج بیماریوں کا علاج ڈھونڈا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں ان اقوام نے ترقی کی ہے جنہوں نے جستجو اور تحقیق کے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طب سے وابستہ افراد کی علم کی پیاس کبھی نہیں بجھنی چاہئیے کیونکہ دکھی انسانیت کو بیماریوں سے بچانے کا یہی راستہ ہے۔