کوہاٹ میں سکیورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144نافذ

انسداد پولیو مہم کے دوران سیکورٹی پلان کے تحت 640پولیس اہلکار تعینات کر کے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل

پیر 16 فروری 2015 18:45

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروری 2015ء) کوہاٹ میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر کے دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے جبکہ انسداد پولیو مہم کے دوران سیکورٹی پلان کے تحت 640پولیس اہلکار تعینات کر کے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت اسلحہ کی نمائش ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔

علاوہ ازیں ضلع بھر میں انسداد پولیومہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں تقریبا ً 1لاکھ 94ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے جبکہ پولیو مہم میں رُکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بھی زیر دفعہ 188ضابطہ فوجداری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

(جاری ہے)

پولیو کے رضا کاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے شہر بھر میں 640پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا سلسلہ بڑھا دیا گیا ہے دریں اثناء ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے ضلع بھر کی مختلف یونین کونسلز میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تفصیلی دورہ کیا اور مقامی عمائدین سے ملاقاتیں کر کے پولیس کیساتھ مکمل تعاون کے سلسلے میں اُن کا اعتماد حاصل کیا۔

متعلقہ عنوان :