اٹک ،لائیو سٹاک کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز

پیر 16 فروری 2015 21:00

اٹک خورد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروری 2015ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ضلع اٹک میں لائیو سٹاک کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ کسانوں کے مویشیوں اور پرندوں کو بیماریوں سے بچایا جاسکے۔ یہ بات ڈی سی او اٹک چودھری حبیب اللہ نے اٹک میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر جاری ویکسینیشن مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر اٹک ڈاکٹر ڈاکٹر سجاد نقوی، لائیو سٹاک افسران ڈاکٹر ملک نوازکے علاوہ ایگریکلچر میڈیسن سے وابستہ افراد اور مقامی کسانوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ڈی سی او اٹک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے احکامات پر کسانوں کے قیمتی جانوروں کو گھل گھوٹو ، رانی کھیت اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں پولیو کی طرح اس مہم کا بھی آغاز کیا گیا جس کے تحت بائیس اضلاع میں یہ مہم مکمل کرلی گئی ہے اور آج ضلع اٹک میں اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں یہ مہم دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی جس کے پہلے مرحلہ میں اٹک ، حضرو اور حسن ابدال میں لائیو سٹاک کا عملہ کسانوں کے گھر گھر جاکر ان کے جانوروں کو ویکسین کرے گا دوسرے مرحلہ میں فتح جنگ، پنڈی گھیب اور جنڈ کی تحصیلوں کے مویشیوں اور پرندوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر لائیو سٹاک کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں مویشیوں کی انتہائی اعلیٰ اقسام پائی جاتی ہیں جن میں نیلی راوی بھینس اور دھنی نسل کی گائے پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کسانوں کا قیمتی اثاثہ ہے جس کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔اس موقع پر مختلف جانوروں اور پرندوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے گئے۔