مقبوضہ کشمیر، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا محکمہ صحت کی جانب سے علاقے میں سوائن فلو سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر اظہار برہمی

منگل 17 فروری 2015 14:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروی 2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کشمیر نے محکمہ صحت کی طرف سے مقبوضہ وادی میں سوائن فلو سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ سوائن فلو کے خطرے سے نمٹنے کیلئے اپنی خامیوں پر پردہ ڈال رہی ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے ایک بیان میں کہاکہ وادی کشمیرمیں سوائن فلو سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اور یہ خطرناک مرض کسی بھی وقت اہلیان کشمیر کیلئے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے جبکہ ادویات اور ویکسین کی عدم دستیابی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایچ ون این ون “کی بیماری جان لیوا ہے اور اس سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات اٹھانا محکمہ صحت اور قابض انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے اس مرض کو کم اہمیت دیتے ہوئے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں سوائن فلو کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے نتیجے میں اموات بھی ہوئی ہے اور یہ وائرس قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں اس بیماری سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات اٹھانا لازمی ہے۔ ڈاکٹر نثار الحسن نے کہاکہ جموں وکشمیر خاص طور پر وادی کشمیر کے محکمہ صحت نے اس مرض سے بچاؤ کیلئے پیشگی احتیاطی اقدامات نہیں کئے ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جارہا ہے کیونکہ نہ تو ہسپتالوں میں سوائن فلو کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کوئی تیاری کی گئی ہے اور نہ ہی وادی میں ”ایچ ون این ون “ بیماری کیلئے ادویات اور ویکسین کو دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں اس بیماری سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی اور رابطہ کا فقدان شدت سے محسوس کیا جارہا ہے جو کہ قابل تشویش ہے ۔

متعلقہ عنوان :