شہبازشریف کی پرعزم قیادت میں پولیووخسرہ کی روک تھام اور روٹین امیونائزیشن پربہت بہتر کام ہورہاہے‘گیوی کے وفد کی وزیراعلیٰ کی کاوشوں کی تعریف

منگل 17 فروری 2015 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء ) گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن گیوی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے اور وفد کے دیگر ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری ،پولیو و خسرہ کی روک تھام اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں شعبہ صحت کے حوالے سے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

گیوی کے وفدنے وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پرعزم قیادت میں پولیووخسرہ کی روک تھام اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے بہت بہتر کام ہورہاہے جس کی بنیادی وجہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ذاتی لیڈر شپ ہے۔انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے پنجاب حکومت نے وقت کے تقاضوں کے مطابق اقدام اٹھایاہے اور ایسے منفرد اقدام سے بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈینگی کی وباء کے دوران زبردست انداز میں کام کرتے ہوئے قابو پایا تھا او راب بھی وہ پولیوو خسرہ اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے اہداف حاصل کر رہے ہیں۔