مشیر صحت کا میو ہسپتال،سرگنگارام اور سروسز ہسپتال کا دورہ،

مشیر صحت نے سیکرٹری صحت اور کمشنر کے ہمراہ بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی

منگل 17 فروری 2015 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک اور کمشنر لاہور عبد اللہ سنبل کے ہمراہ میو ہسپتال ،سروسز اور سر گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا اور پولیس لائنز کے باہر ہونے والے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور تینوں ہسپتالوں کی انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات سرکاری خرچ پر فراہم کرنے اور مکمل نگہداشت کی ہدایت کی۔

خواجہ سلمان رفیق پولیس لائنز کے باہر بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سول سیکرٹریٹ میں گیوی گلوبل الائنس فار ویکسین اینڈ ایمونائزیشن کے اعلی سطحی وفد کے ساتھ اجلاس کو چھوڑ کر فوری طور پر میو ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کی تیمارداری کے ساتھ ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کوبہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، کمشنر لاہور عبدا للہ سنبل،ڈی سی او کیپٹن(ر) محمد عثمان اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز بھی موجود تھے۔

بعدازاں خواجہ سلمان رفیق سرگنگارام ہسپتال اورسروسز ہسپتال بھی گئے۔ کمشنر لاہور اور سیکرٹری صحت بھی ان کے ہمراہ تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے دونوں ہسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے علاج معالجے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو مکمل صحت یابی تک زیر علاج رکھا جائے اور تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہے اور ہمیں متحد ہو کر دہشت گردی کا دلیری سے مقابلہ کرنا ہو گا۔