مینٹل ہسپتال میں 100بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ شعبہ منشیات کے عادی مریضوں کے علاج کیلئے قائم

بدھ 18 فروری 2015 15:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروی 2015ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی افراد کو علاج معالجے سے ٹھیک کرکے معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو گرانٹ فراہم کر رہی ہے اس سلسلے میں غیرسرکاری اداروں اور این جی اوز کو بھرپور تعاون فراہم کیاجا رہا ہے،دماغی امراض کے اداروں اور ہسپتالوں کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جارہے ہیں،حکومت کی ترجیح تعلیم اور صحت ہیں اور ان کے لئے حکومت نے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہمیں اپنے مذہب سے راہنمائی اور ثقافتی روایات پر عمل کرتے ہوئے مشترکہ خاندانی نظام کو فروغ دینا چاہیے تاکہ خصوصی افراد کا گھر کے دوسرے لوگ خیال رکھ سکیں کیونکہ ایسے افراد اپنا خود خیال نہیں رکھ سکتے ۔

(جاری ہے)

غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسے افراد و ادارے قوم کا اثاثہ ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے وسائل کا ایک بڑا حصہ بیماروں خصوصاً دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے مختص کر رکھا ہے ۔

ا نہوں نے کہا کہ 4- ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء بھی کیا جارہا ہے جس سے کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں گے- انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی فراہمی کے لئے 8-ارب75 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماں و بچوں کی صحت اور ادویات کی فراہمی کے ایک منصوبہ کے لئے 1 - ارب 80 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کے لئے 17 ارب روپے کی کثیر رقم فراہم کی گئی ہے تاکہ ایسے منصوبوں کے ذریعے عوام کو علاج ومعالجہ کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا کہ دماغی امراض کے علاج معالجہ کے ادارے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں موجودہ حکومت نے نیا جدید ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا ہے جس میں ماڈرن تشخیصی سنٹر، پیتھالوجی لیب، میڈیکل آلات، ریڈیالوجی، الٹرا سونو گرافی ، سی ٹی سکین اور ای ای جی کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں جبکہ تمام مریضوں کو مکمل صحت یات ہونے تک بلا معاوضہ ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ہسپتال میں 100بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ شعبہ منشیات کے عادی مریضوں کے علاج کے لئے قائم کیاہے اور منشیات کے عادی مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ انہیں صحت یاب کر کے معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :