ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم نہ کیا گیا تو کینسر کی طرح پھیل کر معاشرے کو نیست و نابود کر دے گا‘ ہائیکورٹ بار

بدھ 18 فروری 2015 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروی 2015ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شفقت محمود چوہان کی زیر صدارت قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز کے قریب ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں نائب صدرعامر جلیل صدیقی ، ، سیکرٹری میاں محمد احمد چھچھر ،فنانس سیکرٹری میاں محمد اقبال کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

شفقت محمود چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور دہشت گردی کے تمام واقعات اور قلعہ گجر سنگھ دھماکہ کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ جب قانون نافذ کرنے والے دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا ہے تو عوام انتہائی خوف و ہراس کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن شہداء اور زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اس موقع پر میاں محمد احمد چھچھر سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ، بیرسٹر ظفر اللہ خان ، ملک سعید حسن سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو اگر ختم نہ کیا گیا تو کینسر کی طرح سارے ملک میں پھیل کر معاشرے کو نیست و نابود کر دے گا۔آخر میں شہدائے قلعہ گجر سنگھ کے بلندی درجات ، لواحقین کے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔