جیکب آباد میں مچھروں نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، شہری راتیں جاگ کر گذارنے پر مجبور، سینکڑوں شہری ملیریا میں مبتلا، محکمہ صحت نے اسپرے نہیں کیا

جمعرات 19 فروری 2015 18:33

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19فروری۔2015ء) جیکب آباد میں مچھروں نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، شہری راتیں جاگ کر گذارنے پر مجبور، سینکڑوں شہری ملیریا میں مبتلا، محکمہ صحت نے اسپرے نہیں کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں مچھروں نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ،مچھروں کی بہتات کی وجہ سے شہری راتیں جاگ جاگ کر گذارنے پر مجبور ہیں جبکہ سینکڑوں شہری ملیریا جیسی جان لیوا بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں ، شہریوں کی جانب سے مچھر مار اسپرے کے لیے کئی بار محکمہ صحت کے حکام کو درخواست کی گئی ہے مگر محکمہ صحت کے حکام اسپرے کرانے کے لیے تیار نہیں، مچھروں کے عذاب کے خلاف جمالی واہ پیچوہا پھاٹک کے رہائشیوں نے صدیق بلیدی ، حاجی نذیر مینگل، امداد برڑو اور دیگر کی قیادت میں جلوس نکال کر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاج کیا اور کہا کہ محکمہ صحت کے افسران مچھر مار اسپرے کے لیے آنے والے فنڈز بھی ہڑپ کرچکے ہیں جس کی وجہ سے کئی سالوں شہر میں اسپرے نہیں کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ سینکڑوں شہری ملیریا میں مبتلا ہوچکے ہیں مگر انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد شہر میں مچھر مار اسپرے کرایا جائے۔