ایڈز کیس‘ بلغارین طبّی عملے کے6 افراد لیبیاسے رہائی کے بعدواپس وطن پہنچ گئے

منگل 24 جولائی 2007 13:38

صوفیہ(ٍٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین24 جولائی2007) لیبیا میں دانستہ طور پر بچوں کو ایچ آئی وی ایڈز کے وائرس سے متاثر کرنے جرم میں عمر قید کاٹنے والے طبّی عملے کے چھ افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔فرانس اور بلغاریہ کے حکام کے مطابق لیبیائی بچوں کو ایچ آئی وی وائرس منتقل کرنے والی پانچ بلغارین نرسیں اور ایک فلسطینی نڑاد بلغارین ڈاکٹر رہائی کے بعد بذریعہ جہاز بلغاریہ پہنچ گئے ہیں۔

ان افراد کی رہائی یورپی یونین کی سالہا سال کی کوششوں کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے اور اس حوالے سے یورپی یونین کا ایک وفد گزشتہ کئی دن سے بھی لیبیا کے دارالحکومت تریپولی میں موجود تھا۔یہ چھ افراد 1999 سے زیرِ حراست تھے اور انہیں 2004 میں سینکڑوں لیبیائی بچوں کو ایچ آئی وی میں مبتلا کرنے کا مرتکب پایا گیا تھا اور سزائے موت سنائی گئی تھی جسے دسمبر دو ہزار پانچ میں لیبیا کی سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا تھا اور اس مقدمے کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

نرسیں اور ڈاکٹر اس الزام کی تردید کرتے رہے ہیں اور ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ نرسوں کے ہسپتال میں کام کرنے سے پہلے ہی بچے ایڈز کے مرض میں مبتلا تھے۔ان افراد نے کل چار سو چھبیس بچوں کو متاثر کیا تھا جن میں سے پچاس سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دسمبر 2006 میں دوبارہ سماعت کے بعد بھی ان افراد کو سزائے موت سنائی گئی جسیگزشتہ ہفتے عدالت نے عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔

سزائے موت کی کی عمر قید میں تبدیلی ہلاک ہونے والے بچوں کے ورثاء کی جانب سے فی بچہ ایک ملین ڈالر زرِ تلافی لینے پر آمادگی کے بعد کی گئی تھی۔ طبی عملے کی رہائی طرابلس میں یورپی یونین اور لیبیا کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں ہوئی۔ فرانس کے صدارتی محل کے حکام کے مطابق اس معاہدے کے تحت لیبیا کی فارم اور فشریریز مصنوعات کو یورپی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہو گی، لیبیائی طلباء کو یورپی یونین کی جانب سے گرانٹ دی جائے گی اور یورپی یونین لیبیا کے آثارِ قدیمہ کی بحالی کا کام سر انجام دے گی۔اس کے علاوہ لیبیا میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے مزید اقدمات بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :