پاکستان علماء کونسل کی اپیل پرملک بھر میں دہشتگردی کیخلاف” یوم مذمت“ منایا گیا،

مساجدمیں جمعہ خطبات کے دوران دہشت گردی، انتہاپسند ی اور فرقہ ورانہ تشدد کیخلاف قراردادیں منظور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمدمیں رکاوٹ بننے والے پولیس افسران کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

جمعہ 20 فروری 2015 20:52

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پرملک بھر میں دہشتگردی کیخلاف” یوم مذمت“ منایا گیا۔لاہور،اسلام آباد،آزاد کشمیر ،کراچی ،مردان ،فیصل آباد،ملتان ،رحیم یارخان سمیت دیگر اضلاع میں وفاق المساجد پاکستان(رجسٹرڈ) سے متصل 74ہزار تین سو سے زائد مساجدکے اندر جمعہ کے خطبات میں دہشت گردی، انتہاپسند ی اور فرقہ ورانہ تشدد کیخلاف قراردادیں منظور کی گئیں۔

دہشتگردی،انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد ختم کئے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔وزیر اعظم ،آرمی چیف اور وزیر داخلہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمدمیں رکاوٹ بننے والے بعض پولیس افسران کیخلاف فوری کارروائی کریں۔سانحہ پشاور،شکارپور اورسانحہ لاہور میں قتل کئے جانے والے پاکستانیوں کا غم پوری دنیا کو ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد خلفائے راشدین( لاہور) ، مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج (ڈی جی خان)صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی (فیصل آ با د) ،مفتی محمد یونس (آزاد کشمیر )حافظ حسین احمد(مردان)مولانا ایوب صفدر (گوجرانوالہ)،مولانا طارق مدنی(کراچی)،مولانا عبد الحمید صابری (اسلام آباد) ،مولانا نعمان حاشر (راولپنڈی)،علامہ انوار الحق مجاہد (ملتان) ، مولانا عمار بلوچ (رحیم یارخان)،مولانا شفیع قاسمی (ساہیوال)، مولانا خورشید احمد نعمانی(بہاولنگر)،مولانا انیس الرحمن (گجرات )،مولانا سعد اللہ (ٹوبہ ٹیک سنگھ)،مولانا مبشر حضور (بہاولپور) ، مولانا عبد الغفار شاہ حجازی (لودھراں)،مولانا طارق ندیم (پاکپتن)،مولانا اشفاق پتافی(مظفرگڑھ) ، صوفی محمدرضوان(ڈسکہ)،مولانا شکیل الرحمن (اوکاڑہ)،قاری احمد علی ندیم (سرگودھا)،مولانا فہیم الحسن (شیخوپورہ)،مفتی عمر فاروق (خانیوال)،مولانا سمیع اللہ (لیہ)،مولانا رسال الدین (قصور)،محمد اعجاز شاکری(خوشاب)،علامہ محمد نفیس (گوجرہ)،مولانا سلمان عثمانی(چنیوٹ)،مولانا محمد حسان (دیپالپور) ، مولانا محمد اعظم (فیصل آباد)،مولانا ممتاز کلیار (جڑانوالہ)،میاں راشد منیر (سیالکوٹ)،مولاناحافظ احمد ندیم(خانپور)،مولانا مشتاق احمد (لاہور) ، قاری خادم حسین (کوٹ ادو)،مولانا عبید اللہ صابرنے راجن پورمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ ورانہ تشدد کے خاتمے کیلئے مدارس اور مساجد اپنا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن قوت نافذہ حکومت کے پاس ہے۔

مذہبی اور سیاسی قیا دت کو سوچنا ہو گا کہ پاکستانیوں کا بہنے والا خون کس طرح روکا جائے۔آج پاکستان جن مسائل اور مصائب کا شکار ہے اسکی بنیادی وجہ خارجہ وداخلہ پالیسی ہے اور جسکی تبدیلی کی طرف حکومت کو توجہ دینی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کے قتل و قتال کو اسلام اور جہاد کہنااسلام اور مسلمانوں کے ساتھ زیادتی ہے۔دہشتگردی کے ناسور سے نجات اور امن و امان کے قیام کیلئے پوری قوم حکومت اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :