وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیاکی جارہی ہیں‘مجتبیٰ شجاع الرحمن،

طبی ماہرین کے مطابق صرف پاکستانی خواتین میں سالانہ 90 ہزار سے زیادہ کینسر کے کیس رپورٹ ہوتے ہیں‘صوبائی وزیر

جمعہ 20 فروری 2015 23:17

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ وقانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت خطرناک‘ پیچیدہ امراض کے علاج اور اعضاء کی پیوند کاری کے لئے پبلک سیکٹر طبی اداروں کو خصوصی اقدامات کے لئے فنڈز فراہم کر رہی ہے،ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء بھی کیا جارہا ہے جس سے کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں گے۔

ڈاکٹرز ، پیرا میڈکس اور غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے وفودسے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ عوام میں مختلف اعضاء کے عطیات دینے سے متعلق شعور بیدار کیا جائے کیونکہ ہر سال 50 ہزار افراد گردوں کے ناکارہ اور 10 ہزار امراض جگر اور 6 ہزاردل کے کام چھوڑ جانے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین کے مطابق صرف پاکستانی خواتین میں سالانہ 90 ہزار سے زیادہ کینسر کے کیس رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ حکومت نے جناح ہسپتال ،الائیڈ ہسپتال ودیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں کینسر کے علاج کے لئے جدید مشینیں نصب کر دی ہیں اور بروقت تشخیص وعلاج سے صحت یاب ہوا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہسگریٹ نوشی کے باعث چیسٹ کینسر کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور 600ملین لوگ تمباکو نوشی کی پیچیدگیوں کے باعث ٹی بی و پھیپھٹروں کی خطرناک بیماریوں سے متاثر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں سالانہ ایک کروڑ27 لاکھ سے زائد افراد کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہوتے ہیں جن میں سے ہر سال 81 لاکھ افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں- انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے ، گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت کیلئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔