حافظ آباد،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں کی عدم دلچسپی کے باعث مریض ذلیل و خوار ہونے لگے

ہفتہ 21 فروری 2015 19:39

حافظ آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں کی عدم دلچسپی کے باعث سینکڑوں مریض ذلیل و خوار ہونے لگے۔ڈیوٹی پر حاضربیشتر ڈاکٹر مریضوں کو چیک کرنے کی بجائے آپس میں خوش گپیوں میں مصروف رہنے لگے جس سے ضلع بھر سے مذکورہ ہسپتال میں آنے والے مریض پریشان ہوکر رہ گئے۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے واحد ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انتظامیہ کی غفلت اور لا پرواہی کے باعث ڈاکٹر نہ صرف وقت سے پہلے ہسپتال چھوڑ کر اپنے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رُخ کر لیتے ہیں بلکہ ہسپتال میں موجود بیشتر ڈاکٹر ضلع بھر سے آئے ہوئے مریضوں کا چیک اپ کر نے کی بجائے آپس میں گپ شپ سے ٹائم پاس کرکے ہسپتال سے چلے جاتے ہیں۔

جبکہ متعدد ڈاکٹر مریضوں کو تسلی سے چیک کرنے کی بجائے صرف اپنا روزانہ کا ریکارڈ بہتر بنانے کیلئے رجسٹر پُر کرنے پرہی اکتفا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کے حلقہ میں واقع ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں عرصہ دراز سے ڈاکٹروں کی کمی اور ادویات کے فقدان جیسے مسائل سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں لیکن ہسپتال کے نا گفتہ بہ حالات کی بہتری کیلئے کہیں بھی بہتری کی صورتحال نظر نہیں آرہی۔

شہر بھر کی عوامی سماجی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف، کمشنر گوجرانوالہ سمیت دیگر حکومتی ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی موجودہ صورتحال میں بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور ہسپتال میں اچانک چھاپے مارکر وہاں پر ڈاکٹروں کی روزانہ کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے۔مزید برآں ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں کو پابند بنایا جائے کہ اپنے پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرح سرکاری ہسپتال میںآ نے والے مریضوں کو بھی بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔