سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے”پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ“ پر عملدرآمد شروع‘ مشیر صحت

تمام ہسپتالوں میں 31مارچ تک ادویات کی خریداری مکمل کرلی جائیگی ،آلات اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا ‘ خواجہ سلمان رفیق

اتوار 22 فروری 2015 13:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 22فروری 2015ء )وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے”پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ“ پر عمل درآمد کا آغا ز کر دیا گیا ہے،وزیر اعلی پنجاب کی منظوری سے پرائمری اورسیکنڈی ہیلتھ کے ہسپتالوں کو بہتر بنایا جائے گا ، سرکاری ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور میڈیکل افسران کی خالی آسامیاں پُر کی جائیں گی خصوصاً کم ترقی یافتہ اضلاع میں سرکاری ہسپتالوں میں ملازمت اختیار کرنے والے ڈاکٹرز کو خصوصی مراعات کے پیکج دیئے جائیں گے، اسی طرح تمام ہسپتالوں میں 31مارچ تک ادویات کی خریداری مکمل کرلی جائے گی نیز آلات اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا اس منصوبہ پر 916ملین روپے اخراجات کا تخمینہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں گوجرانوالہ ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس،ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز ہیلتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ہیلتھ سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے شرکا ء کو پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تحت سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے حکومتی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ مشیر صحت نے کہا کہ ہیلتھ کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس سے متعلق مسائل کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج ہے تاہم پرائمری ہیلتھ کئیر پروگرام اور سیکنڈری ہیلتھ کےئر پروگرامز سے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور ان اداروں کو گذشتہ کئی دہائیوں سے درپیش مسائل کا ازالہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور سیکرٹری ہیلتھ سرکاری ہسپتالوں کی مسائل کا جائزہ لینے اور ان میں بہتری کے لئے صوبہ بھر کے تمام ڈویژنوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں کنسلٹنٹس کی آسامیوں پر تقرریوں کی منظوری دے دی گئی ہے حکومت نے ان کے لئے پرکشش پیکج متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان ہسپتالوں کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے پرائمر ی ہیلتھ کےئر سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام بی ایچ یوز اور آر ایچ سی میں 31مارچ تک واک ان انٹرویو پالیسی کے تحت ڈاکٹر ز کی خالی آسامیوں کو پر کیا جائے گا ، ان مراکز صحت پر 18لازمی ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اضلاع ان ادویات کی لوکل پرچیز کر سکتے ہیں اس مقصد کے لئے انہیں بجٹ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹر کی غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں ہوگی افسران ڈیوٹی اوقات میں دیہی ہسپتالوں کی ڈاکٹر ز کو ہرگز دفاتر میں نہ بلائیں اور نہ ہی کسی تربیتی ورکشاپ کے لئے بلائیں نیز اسپیشل ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرز کو فوری ڈیوٹی پر واپس بھجوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے 550بنیادی مراکز صحت میں 24/7کی بنیاد پر ڈیلیوری کے لئے سہولت فراہم کی جائے گی ۔

سکینڈری ہیلتھ کئیر سے متعلق سیکرٹرٹی صحت نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت36ڈی ایچ کیو اور 109ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں پنجاب پبلک سروس کمشن کے ذریعے بھرتیوں اور ریگولر ڈاکٹر ز کی پرموشن کرکے اسپیشلسٹ ڈاکٹر کی 700سے زائد سیٹیں پر کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دور درا ز اضلاع میں ڈاکٹر ز کی کمی پورا کرنے کے لئے ڈاکٹرز کے لئے خصوصی پرکشش پیکج تیا ر کیا ہے جس کے تحت ان اضلا ع اور ہسپتالوں میں تعیناتی اخیتار کرنیوالے ڈاکٹر ز کو 30ہزار روپے سے لیکر 60ہزار روپے ماہانہ تک خصوصی الاؤنس دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس پیکج کے تحت ڈاکٹرز کی تقرری کے لئے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے لاہور، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی زون کے لئے الگ الگ سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جو خالصتا میرٹ پر تقرریوں کی مجاز ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی اضلاع میں ڈاکٹر ز کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کے لئے حکومت سے ڈومیسائل کی پابندی نرم کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و عملہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ان کی حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹر ک سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے تمام قابل مرمت طبی آلات کی مرمت کرائی جائے گی، ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کو بھی اس پروگرام کے تحت بہتر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ادویات کی خریداری کے لئے سنٹرل یونیفارم ریٹس متعارف کرائے جائیں گے۔

انہوں نے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے موثر کردار ادا کریں اعلی کارکردگی پر حکومت اضلاع کے ڈی سی اوز اور ای ڈی او ہیلتھ کو انعامات سے نوازے گی تاہم بری کارکردگی پر کاروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ اجلا س میں نواز شریف میڈیکل کالج گجرات، ٹی ایچ کیو ہسپتال سرائے عالمگیر ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، حافظ آباد ، منڈی بہااولدین اور ناروال میں محکمہ صحت سے متعلق ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا ۔ مشیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ نے اضلاع کو ہدایت کی کہ وہ فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنائیں ۔