نواب شاہ ،شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے 40 سے زائد باراتی بے ہو ش

اتوار 22 فروری 2015 16:54

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 22فروری 2015ء)نواب شاہ میں شادی کی تقریب کے دوران مضر صحت کھانا کھانے والے 40 سے زائد باراتی جن میں دولہا ، بچوں و خواتین بھی شامل ہیں بے ہوش ہوگئے جنہیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مقامی شوگر مل کالونی میں رات گئے دولہا ارسلان کی مہندی کی تقریب جاری تھی اس دوران مہندی کی تقریب میں شریک افراد کو کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد صبح 5 بجے کے قریب کھانا کھانے والے افراد جن میں دولہا بھی شام ہے کی حالت غیر ہوگئی اور انہیں شدید پیٹ درد اور دست شروع ہوگئے جس کے باعث کئی خواتین و بچے بے ہوش ہوگئے جنہیں شوگر مل کالونی کی دیگر رہائشیوں نے ایمبولینسوں اور پرائیویٹ گاڑیوں میں پیپلز میڈیکل کالج اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ پہنچایا جہاں اتنی بڑی تعداد میں بے ہوش افراد آنے پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کو طلب کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لائے جانے والوں میں سات بچے جن میں 8 سالہ مریم، 9 سالہ ماریہ،7 سالہ فاطمہ، 6 سالہ زینب کے علاوہ فہمیدہ، محمد عمران، ندیم علی، عنبرین، جاوید اختر، مسز سلیم، عابدہ بیگم ودیگر شامل ہیں ۔اس سلسلے میں گھرمکینوں نے بتایا کہ منگنی کی تقریب تھی جس میں شامل افراد کو قورمہ اور بریانی کھلائی گئی تھی بعد ازاں صبح 5 بجے تمام افراد کو پیٹ کی تکلیف شروع ہوگئی اور کئی خواتین و بچے بے ہوش ہوگئے تھے۔ اس موقع پر ڈیوٹی ڈاکٹروں کے مطابق مذکورہ افراد کی حالت تسلی بخش ہے تاہم بچوں کو سانس نہ آنے اور پیٹ میں درد کی شکایات ہیں جنہیں طبی امداد دی گئی ہے جبکہ بعض خواتین کو وارڈوں میں منتقل کیا گیا ہے