ڈرگ انسپکٹر کے میڈیکل سٹوروں پر چھاپے، جعلی ادویات قبضے میں لے لیا

بدھ 25 جولائی 2007 13:39

میرپور (ٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین25 جولائی2007) ڈسٹرکٹ ڈرگ انسپکٹر کے متعدد میڈیکل سٹوروں پر چھاپے، بعض عطائی دکانیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ سٹوروں سے غیرمعیاری اور ناقص ادویات تحویل میں لے کر تحقیق کے لئے لیبارٹریز میں روانہ کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر روبینہ عدالت کی خصوصی ہدایت اور عوامی شکایات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ڈرگز انسپکٹر ڈاکٹر ظفر چوہدری نے گزشتہ روز مختلف میڈیکل سٹوروں اور عطائی ڈاکٹروں کی دکانوں پر اچانک چھاپے مارے۔

(جاری ہے)

متعدد سٹور مالکان اور عطائی ڈاکٹر چھاپے کی اطلاع پاتے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ڈرگز انسپکٹر نے چھاپوں کے دوران متعدد سٹوروں سے ناقص اور غیرمعیاری ادویات قبضہ میں لے کر تحقیقات کے لئے لیبارٹری میں روانہ کر دیں۔ اس موقع پر ڈرگز انسپکٹر ڈاکٹر ظفر چوہدری نے کہا کہ جعلی اور غیرمعیاری ادویات فروخت کرنے والے ملک و قوم سے کسی صورت مخلص نہیں ہو سکتے۔ ایسے مفاد پرست عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھرپور تعاون کرتے ہوئے اطمینان رکھیں ایسے عطائی ڈاکٹروں اور جعلی ادویات فروخت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔