حکومت خیبر بازار پشاور میں نو منزلہ سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ تعمیر کر رہی ہے اکبر ایوب

پیر 23 فروری 2015 17:10

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبر بازار پشاور میں ساڑھے تین کنال اراضی پر مشتمل ایک میگا پراجیکٹ سٹیٹ آف دی آرٹ جدید سہولیات سے آراستہ بلڈنگ تعمیر کر رہی ہے جس کی تعمیر سے مقامی تاجروں کی آمدنی میں دس گنا اضافہ ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر بازار کے انجمن تاجران اور مقامی دکانداروں کے 35رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی ، ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض خان محسود ، چیف انجنئیر سی اینڈ ڈبلیو فضل کبیر ، ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو عبد الغفور خان ، صدر انجمن تاجران خیبر بازار پشاور خالد محمود کے علاوہ دیگر مقامی تاجران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے مشیر اکبر ایوب نے مقامی تاجروں کو یقین دلایا کہ ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

انہوں نے تاجروں پر خیبر بازار میں نئے تعمیر ہونے والے سٹیٹ آف دی آرٹ کی اہمیت واضح کی اورکہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے پشاور کے باسیوں کیلئے ایک تحفہ ہے جس کی تعمیر سے پشاور کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے تاجروں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ میگا پراجیکٹ میں پرانے دکانداروں کا خاص خیال رکھا جائے گا اور ان سے پگڑی نہیں لی جائے گی بلکہ کرایہ بھی مارکیٹ ریٹ سے کم لیا جائے گا۔وفد نے اکبر ایوب کا ان کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :