نااہل ، سست اور سفارشی افسران کیلئے وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تغیرات میں کوئی جگہ نہیں، مشاہد اللہ خان،

آلودگی سے روزانہ لاکھوں لوگوں کی صحت متاثر ہورہے ہیں ،انوائرونمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، وفاقی وزیر موسمیاتی تغیرات

پیر 23 فروری 2015 20:18

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تغیرات ، مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی مسائل میں گھیرا ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر انتہائی برے اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ تاہم، وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تغیرات کے مختلف شعبوں ، خاص کر شعبہ ماحولیات، فاریسٹری ، انوائرونمنٹ پروٹیکشن ایجنسی(اسلام آباد)میں کام کرنے والے تمام افسران اور انے عملے کو ان ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے دن رات سخت محنت کرناہوگی۔

(جاری ہے)

وزارت سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس انتہا ئی اہمیت کی حامل وزارت میں نااہل، سفارشی اور سست افسران کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ایسے افسران کو ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے سرگرم اور کام کے ذریعے اپنے آپ کو اہل ثابت کرنا ہوگا ورنہ وہ اپنے جانے کی تیاری کریں۔ مشاہداللہ خان نے راول جھیل میں بڑتی ہوئی آلودگی پر انتہائی افسوس کا اظلہار کیا ہے اور کہا ہے ، اس آلودگی سے روزانہ لاکھوں لوگوں کی صحت متاثر ہورہے ہیں اور اس سلسلے میں انوائرونمنٹ پروٹیکشن ایجنسی(اسلام آباد) کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور سستی برتنے پر متعلق افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔