گردے کی پتھری نکالنے کیلئے ریڈو میں لتھو ٹرپسی کی جدید سہولیات فراہم کر دی گئیں، ہارون رشید،

مستحق مریضوں کو طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، سماجی کارکنان دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ریڈو کا ہاتھ بٹائیں، سیکریٹری جنرل ریڈو

منگل 24 فروری 2015 20:37

راولپنڈ ی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) خدمت خلق کے رفاہی ادارے راولپنڈ ی آئی ڈونرز آرگنائزیشن نے گردے کے مریضوں کو ڈائلیسز کے ساتھ ساتھ گردے کی پتھری نکالنے کے لئے لتھو ٹرپسی کی سہولیات بھی فراہم کر دی ہیں۔اس مقصد کے لئے ریڈو میڈیکل کمپلکس راولپنڈی میں نصب کی گئی لتھو ٹرپسی کی مدد سے گردے کی پتھری باآسانی نکالی جا سکتی ہے اور وہ مریض جو علاج کے بھاری اخراجات برداشت نہیں کر سکتے وہ اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

یہ بات ریڈو کے سیکریٹری جنرل ہارون رشید نے ریڈو میں این جی اوز کے نمائندوں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ریڈو کمپلکس میں گردے کے مریضوں کو جدید مشینوں کے زریعے ڈائلیسز کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے اور امراض چشم و عام بیماریوں کے علاج معالجے اور ہر قسم کے کلینکل ٹیسٹ کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں جو مریض علاج کی استطاعت نہیں رکھتے اور مستحقین ذکواتہ ہیں انہیں سہو لیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ہارون رشید نے کہاکہ ریڈو طبی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے قومی ادارے کے طورپر دکھی انسانیت کی خدمت کر رہا ہے اور سماجی رہنما خدمت انسانیت کے لئے سوشل سیکٹر کے اس نیٹ ورک میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے علاوہ چکوال کے علاقے بلکسر میں ریڈو کے ادارے سے بڑی تعداد میں مستحقین مستفید ہو رہے ہیں اور ان مراکز میں معیاری طبی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے۔