خالی آسامیوں پر بھرتیوں کاعمل صاف شفاف اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے ‘ عوام کو تمام معاملات بارے معلومات فراہم کی جائیں،

سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی کا اجلاس سے خطاب

منگل 24 فروری 2015 22:12

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی نے متعلقہ حکام خصوصاًمحکمہ صحت کے ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت میں خالی آسامیوں باالخصوص کلاس فور کی آسامیوں پر بھرتیوں کے سارے عمل کو ہر لحاظ سے صاف و شفاف بنایاجائے اور اس سلسلے میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے ۔ضلعی افسران صحت ضلعوں کی سطح پر ہونے والی بھرتیوں سے متعلق تمام تر معلومات اپنے دفاتر میں مناسب جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ عوام کو ایسے معاملات سے متعلق سارے معلومات فراہم ہوں جو حق معلومات کے قانون کے تحت شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

وہ منگل کے روز اپنے دفتر میں ضلع بونیر میں عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ضلع بونیر سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیر مذہبی امور حاجی حبیب اللہ کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ،ڈپٹی کمشنر ضلع بونیر،ضلعی آفیسر محکمہ صحت بونیر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت معاملات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔عوام کو صوبائی محکموں میں ہونے والی تمام معاملات سے متعلق صحیح معلومات کی فراہمی کے لئے حق معلومات کا قانون نافذ کیا گیا ہے۔ تاکہ سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے اور متعلقہ سرکاری حکام لوگوں کو صحیح معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں۔انہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی وہ صوبے کے دوردراز علاقوں کے مراکز صحت میں ڈاکٹروں سمیت دیگر ضروری عملے کی تعیناتی کے عمل کوکم سے کم ممکنہ وقت میں یقینی بنائے تاکہ عوام جلد سے جلد صوبائی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے مستفید ہو سکیں ۔