طب سے وابستہ افراد کو کھیلوں و دیگر تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینا چاہیے‘ ضیاء الدین بٹ

بدھ 25 فروری 2015 16:59

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015)چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ جنرل (ر) ضیاء الدین بٹ نے کہا ہے کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد دن رات مختلف امراض کے خاتمہ کے لیے کوشاں رہتے ہیں اس لیے ان کا خود صحت مند رہنا بہت ضروری ہے جس کے لیے ڈاکٹروں، میڈیکل سٹوڈنٹس اور پیرا میڈیکل سٹاف کو کھیلوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیناچاہیے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں امیرالدین میڈیکل کالج کی سالانہ کھیلوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب میں کیا۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر عرفان محبوب، پروفیسر آغا شبیر سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین بٹ نے کہاکہ کھیلیں اور ورزش طالب علموں میں خوداعتمادی پیدا کرنے کا ایک نسخہ کیمیا ہیں۔ ایسی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں برداشت، عزم و ہمت اور زندگی کے میدان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے ۔ پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنی نوجوان نسل کواعلی تعلیمی و تحقیقی مواقع کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی صلاحیتوں کی نمو پر بھی بھرپور توجہ دیتیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جس ملک کے پاس صحت مند افرادی قوت ہوگی وہی ملک ترقی کی دوڑ میں سب سے آگے ہوگا۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے نوجوان کھلاڑیوں اور طلبا کو قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں وطن کی محبت کے سچے جذبوں کے ساتھ محنت اور خدمت کو اپنا شعار بنانے پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ سپورٹس فیسٹیول سے دن رات کام میں مصروف رہنے والے ڈاکٹرز اور نرسوں کی کام کرنے کی صلاحیت اور ذہنی یکسوئی میں اضافہ ہوگا اور ان کے مخفی جسمانی و ذہنی ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی میں زیر تعلیم ڈاکٹروں اور ہسپتال کی نرسوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور صحت مند سرگرمیوں کا بھر پور موقع دیا جا رہا ہے تاکہ یہ لوگ بیماریوں سے بھر پور جنگ اور دکھی انسانیت کی کما حقہ خدمت کر سکیں۔