ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، ڈینگی کی مخصوص وارڈز میں ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل و نرسنگ سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، ادویات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کر دی گئی،

میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر ارشد علی صابرکا ڈینگی انتظامات پراجلاس سے خطاب

بدھ 25 فروری 2015 23:24

راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء ) میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر ارشد علی صابرنے انسداد ڈینگی کے طبی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈینگی کی مخصوص وارڈز میں ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل و نرسنگ سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور ادویات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔

وہ بدھ کو ڈینگی انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ گذشتہ موسم گرما کے دوران راولپنڈی میں مجموعی طور پر ڈینگی کے مریضوں میں سے 80 فیصد مریض ہولی فیملی ہسپتال لائے گئے جنہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں ان میں ہیمرج فیور اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی سیکشن میں75 بستر مخصوص کئے گئے ہیں تاہم ڈینگی کے زیادہ مریضوں کے پیش نظر بیڈز کی تعداد میں 115 تک اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ڈینگی سیزن میں ایک وقت میں 128 مریض بھی ہولی فیملی لائے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر مریض موہن پورہ ، رتہ امرال اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ ڈاکٹر ارشد علی صابر نے کہاکہ ہولی فیملی ہسپتال میں جنرل میڈیکل پریکٹیشنرز کے تربیتی اور ریفریشر سیمینار بھی منعقد کئے جا چکے ہیں کیونکہ اگر عام کلینکس سے رجوع کرنے والے ڈینگی کے مریضوں کوفوری طور پر بڑے ہسپتالوں میں بھیج دیا جائے تو مرض کی پیچیدہ صورت حال سے پہلے مناسب طبی سہولیات اور علاج کے باعث ڈینگی کے مریض کی جان بچ سکتی ہے اس لئے زیادہ سے زیادہ جنرل میڈیکل پریکٹیشنرز کی تربیت دی جا رہی ہے۔

ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال نے بتایا کہ مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی ہدایات پر ڈینگی کے مریضوں کے بروقت ٹیسٹ مکمل کرنے اور انہیں فوری طور پر علاج کی سہولیات مہیا کرنے لئے گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ سرد موسم کے باعث اب تک ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم ہسپتال میں ہر ممکن انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :