حکومت معاشرے کے تمام طبقات خصوصا کم وسیلہ لوگو ں کے لئے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کوترجیح دے رہی ہے ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

جمعہ 27 فروری 2015 16:45

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) وزیر ایکسائز و ٹیکسین ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ 20لاکھ ناخواندہ افراد کو غیر رسمی تعلیمی فراہم کرنے کے لیے 2ارب 40کروڑ روپے کے فنڈ فراہم کئے گئے ہیں،25لاکھ سے زائد نوجوان مرد و خواتین کو علم و ہنر سکھانے کے لیے صوبہ بھر میں فنکشنل لٹریسی سنٹر اور 14ہزار سے زائد خواتین کے لیے کمیونٹی لرننگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں،حکومت نے تعلیم کے شعبہ میں ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے2ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں تاکہ عوام کو تعلیم کی جدید سہولتیں مہیا کرکے پرامن اور صحت مندمعاشرے کو فروغ دیا جاسکے ،حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں 40لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور70لاکھ سے زائد افراد خط غربت سے اوپر آجائیں گے،20لاکھ افراد کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ حکومت اگلے چار سالوں میں پنجاب کا گروتھ ریٹ 7فیصد پر لے جائے گی،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ریونیو ٹیکسز سے حاصل ہوتا ہے تاہم موجودہ حکومت نے صرف اشرافیہ اور صاحب استعداد افراد پر ہی ٹیکس لگایا ہے۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ گزشتہ دور میں ایک لاکھ 40 ہزار سکول ٹیچرز شفاف طریقے سے بھرتی کئے اور مزید سکول ٹیچرز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ پنجاب میں100 فیصد خواندگی کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کی جانب سے 351ملین روپے کی امداد سے سرکاری سکولوں میں 15ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کو وظائف کی مد میں ایک ارب 50 کروڑ روپے، گرلز سکولوں میں بنیادی سہولتو ں کی فراہمی کے لئے 3 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز اور صوبہ کے تین پسماندہ ترین اضلاع میں طالبات کے وظائف کی رقم دگنا کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات خصوصا کم وسیلہ لوگو ں کے لئے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کوترجیح دے رہی ہے اور انڈوومنٹ فنڈ ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے7ارب 50کروڑ روپے سے زائد کے وظائف اور دیگر وظائف و سہولتیں فراہم کرکے کم وسائل رکھنے والے طلباء و طالبات کو تعلیم کی معیاری و جدید سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مسحق طلباء کو قومی دھارے میں شامل کیاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :