Live Updates

مظلوم طبقہ ”اشرافیہ کلب “سے اپنے حقوق چھیننے کیلئے متحد نہ ہوا تو آنیوالی نسلیں بھی معاف نہیں کریں گی‘ جمشید اقبال چیمہ،

عمران خان غریب عوام کو انکے حقوق دلانے کی جنگ لڑ رہے ہیں انشا اللہ سر خرو ہونگے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 27 فروری 2015 21:23

لاہور( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک پر قابض پانچ فیصد اشرافیہ نے 95فیصد غریب اور پسے ہوئے طبقے کو اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے ،اگر مظلوم طبقہ ”اشرافیہ کلب “سے اپنے حقوق چھیننے کیلئے متحد نہ ہوا تو آنیوالی نسلیں بھی معاف نہیں کریں گی۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ ملک میں ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے اور پی ٹی آئی نے اپنے قیام سے آج تک اپنا وزن مظلوم کے پلڑے میں ڈالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ ہے کہ ظالم متحد اور مظلوم منتشر ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ پسا ہوا اور غریب طبقہ بھی اپنے حقوق کے لئے متحد ہو اور اشرافیہ کلب کے چنگل سے اپنی جان چھڑانے کے لئے عملی طور پر میدان میں نکلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران جمہوریت کے دعوے تو کرتے ہیں لیکن جمہوریت کے لبادے میں بد ترین آمریت مسلط ہے ، فیصلے پارلیمنٹ میں نہیں ہوتے اورآرڈینس پر آرڈینس جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان غریب عوام کو انکے حقوق دلانے کی جنگ لڑ رہے ہیں انشا اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب ہم سر خرو ہوں گے اور عوام کو بلا تفریق سماجی اور معاشی انصاف میسر آئے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات