آزاد کشمیر کے حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں ‘نا اہل قیادت کی وجہ سے ہزاروں کشمیری پڑھے لکھے نوجوان بیرون ممالک میں دربانی پر مجبور ہیں ‘متحدہ عرب امارات کی سہولتوں کو دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ آزاد کشمیرکے عوام بنیادی سہولیات صحت تعلیم سے بھی محروم ہیں

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ کا استقبالیہ سے خطاب

منگل 3 مارچ 2015 14:15

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں ،نا اہل قیادت کی وجہ سے ہزاروں کشمیری پڑھے لکھے نوجوان بیرون ممالک میں دربانی پر مجبور ہیں ،متحدہ عرب امارات کی سہولتوں کو دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ آزاد کشمیرکے عوام بنیادی سہولیات صحت تعلیم سے بھی محروم ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر معروف بزنس مین راجہ محمد اعظم ،شوکت،سردار علی اصغر،سردار ساجد،سردار بشارت حسین سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبانوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی آزاد کشمیر میں امید کی کرن ہے اور بیرون ممالک میں مقیم کشمیری صرف جماعت سے ہی امید وابستہ کیے ہوئے ہیں کہ وہ اس نظام کو تبدیل کرے گی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے اسلامی تعلیمات کو چھوڑ کر مغربی تہذیب اپنائی اور اسلامی نظام کو چھوڑ کر انگریزوں کا دیا ہوا نظام اختیار کیا جس کی وجہ سے آج ہم مسائل کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں ،ہمارے مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے جب تک ہم اسلامی نظام کا نفاذ نہیں کریں گے ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا آزاد کشمیر وسائل سے مالا مال ہے لیکن نا اہل قیادت نے اس کے وسائل کرپشن کی نظر کیے انہوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں نظام حکومت درست ہو اور سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے تو ہزاروں کشمیری سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ اور فرسودہ نظام کے ہوتے ہوئے نہ ہمیں سہولیات فراہم ہو سکتی ہیں اور نہ ہی آخرت میں سرخروہی مل سکتی ہے اس نظام کو بدلنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور اس پر فرض ہے کہ وہ اپنے حصے کا کام کرے ۔

متعلقہ عنوان :