مٹیاری ضلع میں محکمہ ہیلتھ کی جانب سے دو ماہ سے اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی معطل

بدھ 4 مارچ 2015 14:07

مٹیاری (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) مٹیاری ضلع میں محکمہ ہیلتھ کی جانب سے دو ماہ سے اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی معطل، اختیارات اسپتالوں کے ایم ایس کو منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری، ایم ایس کی لاتعلقی، بے اختیار ڈی ایچ او کو ڈی ڈی او پاور 3 ماہ گزرنے کے باوجود نہ مل سکے، ضلع کے لاکھوں افراد طبی امداد سے محروم اور محکمہ ہیلتھ مسائل کا شکار۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 2 ماہ سے ضلع مٹیاری کے اندر ادویات کی فراہمی محکمہ ہیلتھ کے حکام کی جانب سے بلاجواز معطل کی گئی ہے۔ محکمہ ہیلتھ مٹیاری کے دفتر میں نام ظاہر نہ کرنے پر ایک افسر نے بتایا کہ مختلف ادویات کمپنیوں کو بقایا رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر محکمہ ہیلتھ مٹیاری کو ادویات کی فراہمی بند کردی گئی ہے اور گزشتہ 2 ماہ سے اسٹاک میں رکھی ہوئی تھوڑی ادویات اسپتالوں کو فراہم کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مٹیاری میں سابق کرپٹ افسران اور ملازمین کی ملی بھگت سے ناکارہ ادویات کمپنیوں سے کمیشن اور مراعات کے حصول پر ناکارہ ادویات خریدی جاتی تھیں او رمختلف طریقوں سے کرپٹ افسران کی جانب سے ادویات خریداری میں کرپشن کی گئی۔ واضح رہے کہ کتے اور سانپ کے کاٹنے کی لاکھوں روپے کی ویکسین کی مصنوعی چوری کے 2 واقعات بھی رونما ہوئے تھے جس کے ہٹری اور مٹیاری تھانوں میں تحقیقات پر مقدمات درج کرائے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق تاحال مٹیاری DHO دفتر کی کئی ادویات اڈیرو لعل اسپتال میں موجود ہیں اور ضلع کے کئی ڈاکٹرز کی جانب سے خصوصی ڈی جی ہیلتھ سندھ بھی تاحال متیاری میں نان پریکٹسنگ الاؤنس حاصل کرنے کے باوجود نجی کلینک کھولے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی سیکریٹری ہیلتھ نے DHO سے اختیارات ختم کرکے ادویات کی خرید وفروخت کیلئے سندھ بھر کے دیگر اضلاع کی طرح مٹیاری ضلع بھر کے اسپتالوں کے ایم ایس کو ادویات کی خرید وفروخت کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے احکامات دیئے ہیں۔

ضلع بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت کے باعث ضلع کے لاکھوں افراد طبی امداد سے محروم ہیں۔ دوسری طرف عارضی چارج رکھنے والے ڈی ایچ او مٹیاری عبدالخالق انصاری کو 3 ماہ گزرنے کے باوجود ڈی ڈی او پاور نہیں دی گئی جس کے باعث محکمہ ہیلتھ مٹیاری مسائل کا شکار بن کر رہ گئی ہے اور بے اختیار ڈی ایچ او کی تعیناتی سے محکمہ ہیلتھ ضلع مٹیاری کے اندر اکثر ڈاکٹرز من مانے اوقات میں سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی کرتے ہیں۔ اس دوران نجی کلینکس میں مریضوں کو آنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ضلع کی سیاسی سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے چیف سیکرٹری سندھ، وزیراعلیٰ سندھ ودیگر حکام سے فوری نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا۔