سندھ کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں میں ٹراما سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں،جام مہتاب حسین ڈاہر،

سپرہائی وے پر ٹراما سینٹر موجود ہے ، اس میں سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ،صوبائی وزیر صحت

بدھ 4 مارچ 2015 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء) سندھ کے وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا ہے کہ سندھ کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں میں ٹراما سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں ، جو اسی سال مکمل ہو جائیں گے ۔ وہ بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر کے توجہ دلاوٴ نوٹس کا جواب دے رہے تھے ۔ کامران اختر نے کہا کہ کیا سندھ میں سپرہائی وے پر ٹراما / فرسٹ ایڈ سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں ؟ وزیر صحت نے کہا کہ سپرہائی وے پر ایک ٹراما سینٹر موجود ہے ۔

اس میں سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ صوبے میں ایڈز ، چھاتی کے سرطان اور منہ کے سرطان کے مریضوں میں تیزی سے اضافے سے متعلق ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین خان کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر وزیر صحت نے کہا کہ ایڈز اور سرطان کے بارے میںآ گاہی کے حوالے سے ہر سال کئی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان میں واکس ، سیمینارز اور لیکچرز وغیرہ شامل ہیں ۔

اگر ان امراض کا ابتدائی مرحلے میں پتہ چل جائے تو 100 فیصد علاج ممکن ہے ۔ ایم کیو ایم کے رکن جمال احمد نے اپنے توجہ دلاوٴ نوٹس پر کہا کہ نارتھ ناظم آباد زون میں ٹریفک پولیس کے کم اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ اس پر وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ پورے کراچی میں مذکورہ زون میں سب سے زیادہ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ کراچی کے دوسرے علاقوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ کراچی میں 35 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :