ایم کیوایم لیگل ایڈ کمیٹی اور متحدہ لائرز فورم کے سینئر انتہائی فعال اور سرگرم رکن سید علی حسنین شاہ بخاری ،ایڈووکیٹ کے سفاکانہ قتل پر الطاف حسین کااظہار مذمت

مسنگ پرسنز کی قانونی چارہ جوئی کرنا جرم ہے ؟ اگر مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے یا ان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع نہ کیاجائے تو پھر کونسے ادارے سے رجوع کیاجائے ، الطاف حسین

بدھ 4 مارچ 2015 23:35

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں ایم کیوایم لیگل ایڈ کمیٹی اور متحدہ لائرز فورم کے سینئر ترین انتہائی فعال اور سرگرم رکن سید علی حسنین شاہ بخاری ایڈووکیٹ کے سفاکانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ سفاک دہشت گردوں نے یہ حملہ ان پر اس وقت کیا جب وہ بدھ کو علی الصبح ا حسب معمول مقدمات کی پیروی کے سلسلے میں اپنے گھر سے نکل رہے تھے ۔

الطاف حسین نے وفاقی حکومت ، انتہائی بااثر عسکری اداروں کے مرکز ی اور سندھ کے ذمہ داران و افسران کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ کیامسنگ پرسنز کیلئے قانونی چارہ جوئی کرنا جرم ہے ؟ اگر مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے یا ان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع نہ کیاجائے تو پھر کونسے ادارے سے رجوع کیاجائے ؟ الطاف حسین نے بتایا کہ سید علی حسنین شاہ بخاری ایڈووکیٹ شہید مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے سب سے زیادہ آئینی درخواستیں جمع کرنے والے وکیل تھے جنہیں سفاک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں نے راستے سے ہٹا دیا ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ ، آئی ایس آئی ، ایم آئی ، آئی بی سندھ کے چیف ، آئی جی ، ڈی آئی جی سندھ ، کمشنر کراچی سمیت پوری سندھ کابینہ سے کہا کہ وہ اب اس سفاکانہ قتل پر کیا کہنا پسند کریں گے ؟کیا سید علی حسنین شاہ کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیاجائے گایا حسب روایت ایک تحقیقاتی کمیٹی یا کمیشن بنا کر اس سفاکانہ قتل کی وردات کو بھی سرد خانے کی بھول بھلیوں میں ڈال دیاجائے گا ۔

الطاف حسین نے سید علی حسنین شاہ بخاری شہید کے تمام لواحقین سے اور جن مسنگ پرسنز کے وہ مقدمات لڑ رہے تھے ان سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ نہ تو آپ کے لاپتہ بچوں کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی اور نہ ہی سید علی حسنین شاہ بخاری شہید کا خون رائیگاں جائے گا ، اللہ تعالیٰ کی لاٹھی بے آواز ہے اور ہم سب انتہائی دکھی دل کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے انصاف کی بھیک مانگتے ہیں کہ اے اللہ تو ہم مظلوموں کو انصاف فراہم کرے اور ظالموں کو عبرتناک انجام سے دوچار فرمائے ۔