حکومت خواتین کو معاشرے میں عزت و تکریم دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے،انجینئر بلیغ الرحمن ، عورتوں کے حقوق کا تحفظ مہذب قوموں کا شیوہ ہے،خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کا خاتمہ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے ، وزیر مملکت کا سیمینار سے خطاب

جمعہ 6 مارچ 2015 20:22

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 مارچ۔2015ء) حکومت خواتین کو معاشرے میں عزت و تکریم دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ عورتوں کے حقوق کا تحفظ مہذب قوموں کا شیوہ ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن کی اہلیہ نے یوم حقوق خواتین کے حوالے سے منعقدہ ڈویژنل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ سیمینار ضلعی انتظامیہ اور چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے اشتراک سے بہاولپور آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں منعقد کیاگیا۔

بیگم وفاقی وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ عورت قوم کی معمار ہے وہ اپنے بچوں کی بہترین تربیت کر کے ایک مضبوط قوم کی بنیاد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیاب خاندان اور بہترین سوسائٹی کے قیام میں عورت کی سوچ کا ر فرما ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین بچوں کی تعلیم کے ساتھ تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور یہ صدقہ جاریہ ہے۔ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ کونسل رضیہ ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ویمن ایمپاورمنٹ ایکٹ2012ء کو اسکی روح کے مطابق نافذ العمل کر کے عورت کو اس کا جائزہ مقام دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو معاشی طور پر فعال بنا کر انہیں قومی ترقی کا ذریعہ بنایاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں خواتین ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوارہی ہیں۔سیمینار سے پرنسپل سیٹلائٹ ٹاؤن گرلز ڈگری کالج پروفیسر ربیعہ یاسمین ،پروفیسر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر مزمل بھٹی،ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو نوشابہ ملک،لیکچرر مسز آسیہ انوار،لیکچرررابعہ رحمان،اور لیکچرر غزالہ یاسمین نے بھی اظہار خیال کیا۔

مقررین نے ملازمت پیشہ خواتین کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے انکے حل کیلئے تجاویز دیں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔تقریب میں مختلف سرکاری ،غیر سرکاری اداروں سے وابستہ خواتین کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویمن ایکشن کمیٹی نے ہوم وبیسڈ ورکر خواتین کیلئے قانون سازی پر قرار واقعی عملددرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔