وفاقی حکومت مجھے ہرانا چاہتی ہے ‘ کرپشن، ناانصافی، میرٹ کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرتا ہوں‘ میں عوامی طاقت پر ایمان اور یقین رکھنے والا شخص ہوں‘ میرا ایمان ہے کہ عوام ہی اصل طاقت کا سرچشمہ ہوتی ہے‘ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:13

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مجھے ہرانا چاہتی ہے کیونکہ میں دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کیلئے آواز بلند کرتا ہوں۔ کرپشن، ناانصافی، میرٹ کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرتا ہوں۔ وضع داری، رواداری، اخوت اور تعصبات سے پاک سیاست کے فروغ کیلئے آواز بلند کرتا ہوں۔

وفاقی حکومت میرپور کے سپوت کی آواز دبانا چاہتی ہے۔ لیکن مجھے اس بات کی انتہائی خوشی ہے کہ میرپور کی عوام بیداری ہو چکی ہے۔ وہ انتہائی جوش اور خروش سے میرے شانہ بشانہ آن کھڑی ہوئی ہے۔ میں حلقہ کے اندر جہاں بھی جاتا ہوں عوام کا ولولہ، جوش میرا حوصلہ بلند کردیتا ہے۔

(جاری ہے)

میں عوامی طاقت پر ایمان اور یقین رکھنے والا شخص ہوں۔ میرا ایمان ہے کہ عوام ہی اصل طاقت کا سرچشمہ ہوتی ہے۔

میرپور کے لوگ میرے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مخالفین جتنی سازشیں کرنا چاہیں کرلیں۔ 29مارچ کے سورج کی کرنیں میری کامیابی کی نوید لے کر طلوع پذیر ہوں گی۔ موہڑہ ملکاں، رٹھوعہ مہرو کے عوام جوش اور میرے ساتھ اُن کی کمٹمنٹ ماضی کی طرح اس بار بھی مثالی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈھوک ملکاں، رٹھوعہ مہرو کے مقام پر انتخابی میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق صدور ڈسٹرکٹ بار میرپور ارشد ملک ایڈووکیٹ، چوہدری محفوظ ایڈووکیٹ، مرزا اسلم، مرزا مسعود، ملک انور نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ موہڑہ قاضیاں، موہڑہ گجراں، ڈھوک ہجاماں کی مشترکہ میٹنگ میں چوہدری محبوب، چوہدری جہانگیر، چوہدری طاہر زیب، چوہدری تاج، چوہدری علی، چوہدری یاسین، قاضی لیاقت، چوہدری سلمان، قاضی رمضان، چوہدری حبیب، قاضی اخلاق، نائیک مسعود نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر مقررین نے مشترکہ طور پر اس بات کا اظہار کیا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آمدہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا جائے گا کیونکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لندن میں ملین مارچ کرکے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلہ میں جو کارہائے نمایاں سر انجام دیا اُس کی مثال 67سالہ تاریخ میں کہیں نہیں ملتی، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پوری دنیا میں میرپور شہر کی عزت اور وقار سمجھے جاتے ہیں۔

ٹوٹی ، کھمبا کی سیاست کرنے والے فصلی بٹیرے الیکشن کے دنوں میں بھانت بھانت کی بولیاں بولتے ہیں۔ الیکشن کے بعد یہ فصلی بٹیرے اُڑ کر کہاں چلے جاتے ہیں کسی کو خبر نہیں ملتی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کے اندر تیزی سے مقبولِ عام جماعت بن رہی ہے۔ پاکستان میں نئے پاکستان کا نعرہ جس طرح زبان زدِ عام ہے۔ آزادکشمیر کے اندر بھی نئے کشمیر کا نعرہ آنے والے وقتوں میں ہر زبان پر رقصاں ہوگا۔ عمران خان 25مارچ کو آزادکشمیر کی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ عوام اس تاریخی جلسے میں شرکت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :