خواجہ عمران نذیر کا حجرہ شاہ مقیم میں میڈیکل سٹورپر چھاپہ‘ لاکھوں روپے مالیت کے جعلی انجکشن برآمد

ہفتہ 7 مارچ 2015 17:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر نے حجرہ شاہ مقیم مین بازار میں میڈیکل سٹورپر چھاپہ مارا اورلاکھوں روپے مالیت کے جعلی انجکشن برآمدکرلئے ۔تفصیلات کے مطابق خواجہ عمران نذیر نے خفیہ اطلاع پر محکمہ صحت کی ٹیم ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ حجرہ شاہ مقیم میں اسلامی میڈیکل سٹور پر چھاپہ مارکر معروف کمپنی کے لاکھوں روپے مالیت کے جعلی (Digesic) انجکشن ، لیبل اور پیکنگ میٹریل برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتارکر لیا ‘ میڈیکل سٹور سے جعلی اور غیر معیاری جنسی قوت بخش ادویات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ وزیراعلی کی ہدایت پر صوبے میں جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ جعلی ادویات فروخت کرنے والو ں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ کسی بھی شخص کومعصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ خواجہ عمران نذیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جعلی ادویات کے خاتمے کے لئے مختلف شہرو ں میں اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہو ں نے کہاکہ چند روز قبل فیصل آباد میں بھی اسی طرح کی ایک کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی جعلی ادویات برآمد کی گئیں تھیں اور حجرہ شاہ مقیم میں چھاپہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔