وزارت صحت نے50 منصوبوں کیلئے 28 ارب مانگ لئے

پیر 9 مارچ 2015 12:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) وزارت صحت کی طرف سے مالی سال2015,16 کے لیے مختلف بیماریوں کے پروگرامز کے 50 منصوبوں کے لئے 28 ارب روپے طلب کیے گئے ہیں، ان میں 10نئے، 5نامکمل جبکہ 35جاری منصوبے شامل ہیں۔وزارت ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں سال ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ قطرے پلانے کے توسیعی پروگرام (ای پی آئی) پر 30جون تک 23735ملین روپے اخراجات آئے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت ملک میں جاری لیڈی ہیلتھ ورکرزپروگرام کی2017تک مالی معاونت کرے گی اس کے بعدیہ پروگرام صوبوں کے حوالے کردیا جائے گا۔ ماں اور بچوں کی صحت کے بارے میں صوبوں کو کہا گیا ہے کہ وہ نئے پی سی ون تیارکریں تاکہ یہ پروگرام صوبوں میں کامیابی کے ساتھ چلائے جاسکیں۔ملک میں جاری 35منصوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی میں 25.197 ملین، نامکمل5منصوبوں کے لیے 256 ملین جبکہ 10نئے منصوبوں کے لئے3011.606 ملین روپے کی ڈیمانڈ تجویزکی گئی ہے۔ اسلام آبادمیں نئے کینسر اسپتال کی تعمیر کیلیے ایک ہزار ملین روپے ڈیمانڈ کیے گئے ہیں۔ قومی ادارہ صحت میں نئے الرجی سینٹر، بائیوسیفٹی لیب، فیڈرل ڈرگ سرویلنس لیبارٹری سمیت کئی جاری منصوبے شامل ہیں۔