پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ صوبے کے محروم معیشت طبقات کی جانب موڑ دیا ہے‘شہبازشریف

پیر 9 مارچ 2015 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ صوبے کے محروم معیشت طبقات اور غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کی جانب موڑ دیا ہے،اربوں روپے کی لاگت سے حکومت کے فلاحی پروگراموں سے عام آدمی مستفید ہورہے ہیں ،غریب خاندانوں کے ہونہار بچوں کو معیاری تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی نوعیت کے منصوبے کامیابی سے آگے بڑھائے جارہے ہیں،ہمارا ہر قدم عام آدمی کی فلاح کیلئے اٹھ رہا ہے ، وسائل کی ایک ایک پائی نہایت شفاف طریقے سے صوبے کے عوام کی ترقی اورانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پرصرف کی جارہی ہے ۔

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے یہ بات بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی مدد کیلئے جاری پروگرامز پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اورانہیں ریلیف کی فراہمی ہے ۔

عوام کے معیارزندگی میں بہتری لانے اورانہیں تعلیم ،صحت،پینے کے صاف پانی اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اربوں روپے صرف کر رہی ہے۔انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی ترجیحات ہیں اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

صوبے کے دوردراز اورکم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جارہے ہیں ۔دانش سکول سسٹم اورموبائل ہیلتھ یونٹس جیسے فلاحی پروگرام بھی انہی علاقوں میں شروع کیے گئے ہیں ۔پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو اپنا روزگار سکیم کے تحت جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے زیادہ گاڑیاں مختص کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی کی فلاح اور کم وسیلہ طبقات کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے صوبے کے 65ہزار سے زائد مستحق طلباء و طالبات ملکی اورغیر ملکی تعلیمی اداروں میں اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں ۔چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے پروگرام کے تحت کم وسیلہ خاندانوں کو ریلیف فراہمی کے حوالے سے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات اور ضروری قانون سازی کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکبادبھی دی۔

متعلقہ عنوان :