کراچی میں علاقائی سطح پر صفائی ستھرائی کے انتظامات پرایم کیوایم کے منتخب نمائندوں ، ذمہ داروں اورکارکنوں کو الطاف حسین کا خراج تحسین،

ایم کیوایم کے ذمہ داران اپنے اپنے علاقوں میں صحت وصفائی کے انتظامات کا خصوصی خیال رکھیں، الطاف حسین

پیر 9 مارچ 2015 22:38

لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں علاقائی سطح پرصفائی ستھرائی کے انتظامات پر حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، سیکٹرز اوریونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ پیرکے روز ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ نبی کریم کی حدیث ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ایم کیوایم کے ذمہ داران کا فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں صحت وصفائی کے انتظامات کا خصوصی خیال رکھیں ۔

الطاف حسین نے کہاکہ خلق خدا کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اوریہ میرے لئے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ایم کیوایم کے منتخب نمائندے ، ذمہ داران اور کارکنان اپنے اپنے محلوں اور گلیوں کی صفائی ستھرائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے نالوں اورگٹروں کی صفائی، گٹرکے ڈھکن لگانے ، کچرا ٹھکانے لگانے ، جراثیم کش ادویات کے چھڑکاوٴ،اسٹریٹ لائٹوں کے بلب لگانے، پارکوں کی صفائی ، وال چاکنگ مٹانے ، فٹ پاتھوں پر کلر کرنے ،شجرکاری، سرکاری اسکولوں میں اسٹاف اور فرنیچر کی کمی پوری کرنے اور غریب عوام کو علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات میں مصروف ہیں جس پرایک ایک رکن قومی وصوبائی اسمبلی ، سیکٹرز ویونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان زبردست خراج تحسین اور شاباش کا مستحق ہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف اپنی گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں بلکہ اپنے جسم اور لباس کو بھی صاف رکھیں، مصائب ومشکلات کا شکار عوام کی ہرممکن مدد کریں اور اپنے کردار وعمل کی قابل تقلید مثالیں قائم کریں۔