معاشرے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بڑی اہمیت کا حامل ہے، ڈاکٹر کلیم اللہ،

نوجوانوں کے ذہنوں کو صحت مند رکھنے کے لئے کھیلوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،میئر کوئٹہ

پیر 9 مارچ 2015 00:10

کوئٹہ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء ) بلوچستان سپورٹس فیسٹیول 2015ء کوئٹہ ڈویژن کا افتتاح میئرکوئٹہ سٹی ڈاکٹر کلیم اللہ نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے اور اس روایت کو برقرار رکھنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں میں شعوربیدار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جسم میں صحت مند دماغ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

صحت مند معاشرے میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور نوجوانوں کے ذہنوں کو صحت مند رکھنے کے لئے کھیلوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اگر نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم نہ کئے جائیں تو وہ اپنی منزل سے بھٹک کر معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے روایتی کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی تھی جو اب تقریباً ختم ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھیلوں کی حوصلہ افزائی موسم کی مناسبت سے کرنا ہوگی۔ انہوں نے امید دلائی کہ وہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ تقریب کے مہمان خصوصی میئر کوئٹہ سٹی ڈاکٹر کلیم اللہ سے تمام ٹیموں کا تعارف کرایا گیا اور بعد میں انہوں نے والی بال کا شارٹ لگا کر بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کوئٹہ 2015ء کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس نذر بلوچ بھی موجود تھے ۔ بعدازاں انہوں نے میئر کوئٹہ سٹی ڈاکٹر کلیم اللہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔