کوئٹہ: انسداد پولیو کی قومی مہم آج سے دوبارہ شروع، انتظامات مکمل،

تین روزہ مہم کے دوران صوبے کے 29اضلاع میں 24لاکھ 72ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

اتوار 15 مارچ 2015 14:17

کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2015ء) بلوچستان کے 29اضلاع میں انسداد پولیو کی قومی مہم آ ج پیر سے شروع ہو رہی ہے۔ جس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، سیکورٹی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ میں انسداد پولیو کی قومی مہم ایک ہفتہ کیلئے موخر کردی گئی تھی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے مطابق تین روزہ مہم کے دوران صوبے کے 29اضلاع میں 24لاکھ 72ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے دوران چھ ہزار چار سو 98موبائل ٹیمیں، 789فیکسڈ سائیڈ، 311ٹرانزیٹ روٹس اور 1332 ایریا انچارج حصہ لیں گے۔

مہم میں افغان پناگزین کے بچوں کو بھی انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔ کوئٹہ میں 4لاکھ 85ہزارسے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ایک ہفتے بعد پلائے جائیں گے۔ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے دو کیسز سامنے آئے ہیں، جس میں پہلا کیس قلعہ عبداللہ جبکہ دوسرا کیس لورالائی میں سامنے آیا۔