خلاف میرٹ تقرریوں نے پڑھے لکھے طبقے میں مایوسی پیداکردی ہے ‘عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ

پیر 16 مارچ 2015 13:13

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء)امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ خلاف میرٹ تقرریوں نے پڑھے لکھے طبقے میں مایوسی پیداکردی ہے ۔موجودہ حکومت کے وزراء نے یونیورسٹی،کالجز اور سکولز کو سیاسی اکھاڑہ بنادیاہے جس نے نظام تعلیم کامستقبل داؤ پرلگ چکاہے۔ریڈ فاؤنڈیشن نے معیاری اور اقدار پرمبنی تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرے کے محروم طبقات کی سرپرستی کی ہے ۔

ظلم، جبر، استحصال اورجہالت کے تمام بتوں کو توڑنے کے لیے تعلیم کوعام کرناہوگا۔ موجودہ معاشرہ فی الحقیقت مختلف قسم کے تعصبات کا روپ اختیارکرچکاہے جس کے سدباب کے لیے اساتذہ اور طلبہ کوکلیدی کردار اداکرناہوگا۔ ان خیالات کااظہار امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے ریڈ فاؤنڈیشن سکول جبر پنجیڑہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے جماعت اسلامی کے راہنما راجہ محفوظ، ریڈ فاؤنڈیشن کے ٹریننگ منیجر حافظ نصائب، پرنسپل راجہ وقار احمد، راجہ فیصل، طاہرنقاش اور عمائدین کے علاوہ طلبہ نے بھی خطاب کیا۔ عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے مزیدکہاکہ ہماری تحریک کامقصد ایک پرامن، خوشحال اور تعلیم یافتہ کشمیرہے جس کے لیے ہر سطح پر ہماری ٹیم شبانہ روز جدوجہدمیں مصروف ہے۔ تقریب کے اختتام پر عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے نمایاں مقام حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات میں انعامات اورشیلڈ تقسیم کیں اور یتیم طلبہ کو نقد رقوم بھی تقسیم کیں۔