Live Updates

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے تین ماہ کے دوران ہونیوالے اساتذہ کے تبادلے منسوخ کردیئے، تمام سرکاری محکموں خصوصاً تعلیم، پولیس اور صحت میں سیاسی مداخلت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے،تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر لڑے گی اور جہاں ضرورت ہو گی وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی،پرویز خٹک

پیر 16 مارچ 2015 22:06

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے تین ماہ کے دوران ہونیوالے اساتذہ کے تبادلے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے گزشتہ تین ماہ کے دوران محکمہ تعلیم میں ہونے والے اساتذہ کے تبادلے فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری محکموں خصوصاً تعلیم، پولیس اور صحت میں سیاسی مداخلت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے جس کے بعد اب عوام کو تمام ضروری خدمات بہم پہنچانے کیلئے قائم کئے گئے نظام کو اپنا کام کرنے کا موقع دیا جارہا ہے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر لڑے گی اور جہاں ضرورت ہو گی وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی انہوں نے یقین دلایا کہ مقامی سطح پر تنازعات اور چھوٹے موٹے مقدمات نمٹانے کیلئے پولیس اور شہریوں پر مشتمل مصالحتی کمیٹیوں میں صرف اور صرف اچھی شہرت کے حامل غیر جانبدار اور معزز شہریوں کو شامل کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے مردان میں صوبائی حکومت کی جانب سے ادائیگی کے باوجود ٹرانسفارمروں کی عدم فراہمی پر برہمی اور واپڈا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایسے تمام ٹرانسفارمر جلد ازجلد فراہم کرنے اور ایمرجنسی کیلئے مختص ٹرانسفارمر کسی جگہ مستقل نصب کرنے کی بجائے صرف ایمرجنسی کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے یہ ہدایات اُنہوں نے پیر کے روز یہاں رکن صوبائی اسمبلی اور ڈیڈک مردان کے چیئرمین افتخار مشوانی کی قیادت میں ضلع مردان اور اپر دیر کے دو وفود سے بات چیت اور مردان میں بجلی کے ٹرانسفارمروں کی قلت اور مردان کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں منعقدہ دو اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سماجی بہبود ڈاکٹر مہرتاج روغانی مردان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی زاہد درانی، افتخار علی مشوانی ، عبید الله مایار، طفیل انجم، جمشید مہمند، ڈائریکٹر انٹی کرپشن، ڈپٹی کمشنر مردان، چیف ایگزیکٹیو پیسکو ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اپر دیر کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران سابق ناظم اور پی ایم ایل (ن) کے سابق ضلعی صدر ملک فخر حیات نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مستقل ٹرانسفارمروں کی جگہ ایمرجنسی ٹرانسفارمروں کی تنصیب کی تفصیل طلب کرتے ہوئے واپڈا حکام سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں اور وعدے پورے کرے اور صوبائی حکومت کو نئے ٹرانسفارمروں کی جلد فراہمی کے علاوہ خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت کیلئے بند کی گئی ورکشاپس بھی دوبارہ کھولے اُنہوں نے مردان میں مساجد اور مدرسوں پر مبینہ طور پر خر چ کئے گئے ایک ارب 35 کروڑ روپے کی مکمل تحقیقات اور مردان میں میگا پارک کی ایک ہزار کنال اراضی کیلئے جاری شدہ 10 کروڑ 53 لاکھ روپے کی رقم میں مبینہ خرد برد کی تحقیقات کا حکم بھی دیا وزیراعلیٰ نے محکمہ انٹی کرپشن کو ہدایت کی کہ میگا پارک منصوبے میں بے قاعدگیوں کے مرتکب ٹھیکیدار اور سرکاری اہلکاروں کی گرفتاری سے بھی گریز نہ کیا جائے انہوں نے سردریاب کا زیر تعمیر واٹر سپورٹس پارک ناقابل عمل ہونے کے باعث میگا پارک مردان میں منتقل کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی اجلاس کے دوران مردان میں صحت و صفائی ، جیل پارک ، مردان کی خوبصورتی اور کھیلوں سے متعلق منصوبے بھی زیر غور آئے اور وزیر اعلیٰ نے ان منصوبوں پر کام ترجیحی بنیادوں پر تیز کرنے کا حکم دیا پرویز خٹک نے کہا کہ ان منصوبوں کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں اُنہیں براہ راست طور پر فوراًآگاہ کیا جائے وفود سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ محکمہ تعلیم میں پے درپے تبادلوں کو کنٹرول کرلیا گیا ہے اور صحت، تعلیم اور پولیس کے محکموں میں سیاسی مداخلت کا راستہ روک دیا گیا ہے اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ دو تین ماہ میں اگر کوئی تبادلے ہوئے ہیں تو وزیر تعلیم اُنہیں فوراً منسوخ کریں اُنہوں نے دیرمیں لکڑی کی سمگلنگ کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کاروائی کا بھی حکم دیا دیر میں پارٹی کے تنظیمی اُمور کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی صدر و جنرل سیکرٹری ضلعی و تحصیل صدور اور پی ٹی آئی کے سابق اُمیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائیگی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات