کوئٹہ ‘سیکیورٹی خدشات اور پولیس اہلکاروں کی کمی کے پیش نظر پہلے سے طے شدہ انسداد پولیو مہم کو ملتوی کردیا گیا

منگل 17 مارچ 2015 13:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی خدشات اور پولیس اہلکاروں کی کمی کے پیش نظر پہلے سے طے شدہ انسداد پولیو مہم کو ملتوی کردیا گیا ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر 32 میں سے 29 اضلاع میں انسداد پولیو مہم بغیر کسی روک ٹوک کے انتہائی سیکیورٹی میں جاری رہے گی۔

حکام نے بتایا کہ شہر میں انسداد پولیو مہم کے دوران ہیلتھ ورکرز کی سیکیورٹی کیلئے مطلوبہ سیکیورٹی اہلکار موجود نہیں جس کے باعث مہم کو ملتوی کیا گیا۔محکمہ صحت کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ وہ ہیلتھ ورکرز کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار کوئٹہ میں جاری اسپورٹس فیسٹول اور اس میں شریک کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر معمور ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں شروع ہونے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 20لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوں کے قطرے پلائے جائیں گے۔ادھر ایمرجنسی آپریشن سیل کے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں پشتون آباد کے علاقے میں تین ماہ کے بچے عبدالرحمان اچکزئی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ای او سی کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق اس بچے کو مختلف انسداد پولیو مہم کے دوران 6 بار پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے گئے حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال بلوچستان میں یہ پولیو کا تیسرا جبکہ ملک کا 23واں کیس ہے اس سے قبل زیادہ تر پولیو کیسز بلوچستان کے قلعہ عبداللہ، پشین، لورالائی اور قلعہ سیف اللہ کے اضلاع میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین پولیو وائرس کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں۔