پولیو ورکرز پر حملوں کی جامع تحقیقات کرائی جائیں گی ، کوتاہی برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی ،پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے حوالے سے تجاویز کیبنٹ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی

وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 19 مارچ 2015 17:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیو ورکرز پر ہونے والے حملوں کی جامع تحقیقات کرائی جائیں گی اور اس سلسلے میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کئے جانے کی سفارش کی جائے گی ،پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے قائم کردہ کیبنٹ کمیٹی کو سیکیورٹی کے حوالے سے تجاویز بھی بھجوائی جائیں گی ۔

یہ فیصلے بدھ کو یہاں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہونیوالے اجلاس میں کیے گئے ۔ اجلاس میں حالیہ پولیو ورکرز پر ہونے والے حملوں اور سکیورٹی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاک فوج کے نمائندے اور ڈی جی نیشنل کرائسس منیجمنٹ سیل، وزارت داخلہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف سفارشات اور تجاویز زیر غور آئیں اور پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے قائم کردہ کیبنٹ کمیٹی کو یہ تجاویز بھجوانے کا فیصلہ کیا۔

میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پولیو ورکرز پر ہونے والے حملوں کی جامع انکوائری کی جائے گی۔ اور اس سلسلے میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کئے جانے کی سفارش کی جائے گی اورصوبائی حکومتوں سے کہا جائے گا کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ اجلاس میں یہ سفارش بھی کی گئی کہ صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں جہاں ضرورت پڑے سول آرمڈ فورسز اور فوج کی مدد حاصل کریں۔

وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں صوبوں کا خود دورہ کریں گی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سکیورٹی معاملات کو بہتر بنانے پر مشاورت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب پرُعزم ہیں اور دہشتگردوں کے ناپا ک عزائم کو ناکام بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :