اراکین قومی اسمبلی کا پولیو مہم کے دور ان دہشتگردانہ حملوں میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار

جمعرات 19 مارچ 2015 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) اراکین قومی اسمبلی نے پولیو مہم کے دور ان دہشتگردانہ حملوں میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید پولیو ورکرز کے لواحقین کی وفاقی حکومت کی طرف سے امداد کی جائے اور ان کو ملازمتیں دی جائیں ‘ آئی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی کے حوالے سے تمام فیصلوں میں فاٹا کے ارکان اسمبلی کو ضرور اعتماد میں لیا جائے ‘پاکستان بیت المال کا فنڈ بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح بڑھایا جائے ‘ سوات میں این ایچ اے کے منصوبوں میں تعطل کا نوٹس لیا جائے جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر ڈاکٹر عذرا فضل نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی کے حوالے سے تمام فیصلوں میں فاٹا کے ارکان اسمبلی کو ضرور اعتماد میں لیا جائے۔

(جاری ہے)

مانسہرہ میں پولیو ورکرز حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ اسی طرح باجوڑ میں دو مرد ہیلتھ ورکرز کو بھی شہید کیا گیا ہے۔ اس کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے۔ شہید پولیو ورکرز کے لواحقین کی وفاقی حکومت کی طرف سے امداد کی جائے اور ان کو ملازمتیں دی جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ پولیو ورکرز کی لائف انشورنس کرائی جائے۔

نکتہ اعتراض پر نواب محمد یوسف تالپور نے کہا کہ اقلیتی برادری کے طالب علم کو ابھی تک بازیاب نہیں کرایا جاسکا جس پر سپیکر نے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی رکن پروین مسعود بھٹی نے کہا کہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دوبارہ سروے کرائے۔ پروین مسعود بھٹی نے کہا کہ پاکستان بیت المال کا فنڈ بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دوبارہ سروے کرائے۔جماعت اسلامی کی عائشہ سید نے کہا کہ سوات میں این ایچ اے کے منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔ حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے کردار ادا کررہی ہے ۔ شازیہ مری نے کہا کہ وزارت پٹرولیم کو گیس اور پٹرولیم کے شعبوں میں مسائل حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سندھ حکومت عوام کو بروقت ریلیف دینے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ فاضل رکن کی تنقید بلا جواز ہے۔